رسائی کے لنکس

رکن قومی اسمبلی کے سیاسی دفتر پر خودکش حملہ، سات ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک خودکش بمبار کی تھی، جس نے تونسہ شریف میں کیمپ آفس میں داخل ہو کر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع ڈیرہ غازی خان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی امجد کھوسہ کے ایک کیمپ آفس یعنی سیاسی دفتر میں خودکش بم دھماکے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک خودکش بمبار کی تھی، جس نے تونسہ شریف میں کیمپ آفس میں داخل ہو کر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

جس وقت یہ حملہ کیا گیا اُس وقت سردار امجد کھوسہ وہاں موجود نہیں تھے۔

ڈیرہ غازی خان کے ضلعی پولیس افسر مبشر میکن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ موقع سے شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں جب کہ اُن کے بقول علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔

اُدھر امجد کھوسہ نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو میں کہا کہ یہ دہشت گردی کا ایک واقعہ تھا اور ہلاک ہونے والوں میں اُن کے قریبی دوست بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں صوبہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے آبائی علاقے اٹک میں اُن کے رہائشگاہ پر خودکش بم حملہ کیا گیا تھا جس میں شجاع خانزادہ سمیت 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’ضرب عضب‘ کے آغاز کے بعد طالبان شدت پسندوں کی طرف سے یہ دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں کہ تنصیبات اور دیگر اہم شخصیت کے علاوہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG