رسائی کے لنکس

عیدالفطر کے موقع پر ’بھائی چارے‘ کے فروغ پر زور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس سال نا صرف پاکستان بھر میں ایک ہی روز یہ تہوار منایا گیا بلکہ سعودی عرب اور دنیا کے دیگر کئی ممالک میں بھی بدھ کو عید منائی جا رہی ہے۔

پاکستان بھر میں بدھ کو عیدالفطر منائی گئی اور اس موقع پر ملکی قیادت کی طرف سے بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا گیا۔

کئی دہائیوں میں یہ پہلا موقع تھا کہ پورے ملک میں ایک ہی روز عید کا مذہبی تہوار منایا گیا۔ گزشتہ برسوں میں خاص طور پر شمال مغربی صوبے کے مختلف اضلاع اور قبائلی علاقوں میں پاکستان کے دیگر حصوں سے ایک روز قبل ہی عید منائی جاتی رہی جس کا سبب رمضان اور شوال کے چاند کی رویت پر اختلاف تھا۔

اس سال نہ صرف پاکستان بلکہ سعودی عرب اور دنیا کے دیگر کئی ممالک میں بھی بدھ کو ہی مسلمان یہ تہوار منا رہے ہیں۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اس موقع پر بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔

وزیراعظم نواز شریف، جو اپنی ’اوپن ہارٹ سرجری‘ کے بعد سے تاحال لندن میں ہی مقیم ہیں، نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’عید الفطر مسلمانوں کے لیے خوشی اور تشکر کا دن ہے۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ عید کے دن ہم ان لوگوں کو نہیں بھلا سکتے "جو اپنے پیاروں سے دور وطن کی خاطر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ پاک فوج، پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان شب و روز دفاع وطن میں مصروف ہیں، اُن کے تہوار ہماری خوشیوں کو محفوظ بنانے، امن و امان کو یقینی بنانے اورشرپسندی کا خاتمہ کرنے میں گزرتے ہیں۔‘‘

کراچی میں عید کا جشن
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:12 0:00

عید کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے عید گاہوں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات کی سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔

پڑوسی ملک بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ بھارت میں مسلمان عیدالفطر جمعرات کو منائیں گے۔

ادھر پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عید کے موقع پر قبائلی علاقے شمالی و جنوبی وزیرستان میں مامور فوجی اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا۔ انھوں نے نمازعید افغان سرحد سے ملحقہ وادی شوال میں فوجیوں کے ساتھ ادا کی۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق فوجی کارروائیاں جاری رہیں گے۔ ان کے بقول ملک میں قیام امن کے لیے دی گئی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG