رسائی کے لنکس

فالکن خان پانامہ میں، پانچ جولائی کو باکسنگ مقابلہ


جیف مے ویدر نے کہا ہے کہ محمد وسیم، جنھیں فالکن خان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ’’ایک چیمپئین باکسر ہیں‘‘ اور یہ کہ انھیں امید ہے کہ ’’اِس سال کے آخر تک محمد وسیم باکسنگ کی دنیا کے کسی بڑے ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گے‘‘

ورلڈ باکسنگ کونسل کی فلائی ویٹ سلور کیٹیگری میں نمبر ون باکسر اور پاکستان میں فالکن خان کے نام سے مشہور، محمد وسیم سال 2017 کے اپنے پہلے مقابلے کے لیے پانامہ پہنچ چکے ہیں، جہاں انکا مقابلہ بدھ 5 جولائی ایک مقامی باکسر سے ہوگا۔ ابھی تک ان کے مد مقابل کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں ہوا لیکن آج ان کے نام کا اعلان متوقع ہے۔

محمد وسیم کے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے پروموٹر، اینڈی کم نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ محمد وسیم اپنے مقابلے کے لیے پانامہ سٹی پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ اپنے امریکی ٹرینر جیف مے ویدر کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔

جیف مے ویدر عالمی شہرت یافتہ باکسر زفلوئڈ مے ویدر سینیئر کے بھائی اور فلوئڈ مے ویدر جونیئر کے چچا ہیں، جو امریکہ اور جنوبی کوریا میں محمد وسیم کو ساوتھ کوریا اور امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں اپنے باکسنگ کلب میں ٹریننگ دے چکے ہیں۔

M. Waseem and Jeff Mayweather in Las Vegas
M. Waseem and Jeff Mayweather in Las Vegas

ایک خصوصی انٹرویو میں، جیف مے ویدر کا کہنا تھا کہ محمد وسیم ایک چیمپئین باکسر ہیں اور انھیں امید ہے کہ اس سال کے آخر تک محمد وسیم باکسنگ کی دنیا کسی بڑے ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گے؛ جبکہ محمد وسیم نے بتایا ہے کہ وہ مقابلے کے لیے تیار ہیں، اور اس کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

محمد وسیم نے پاکستانی حکومت کی مدد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اس سال ہی ورلڈ باکسنگ کونسل کے ورلڈ ایلیمینٹر ٹائٹل کو اپنے نام کرنے کے لیے امریکن باکسر، آسکر کانٹو کا مقابلہ کریں گے۔ یہ مقابلہ امریکی باکسر، آسکر کانٹو کی آبائی ریاست ٹیکساس میں متوقع ہے۔

محمد وسیم کئی مہینے تک اپنے آبائی شہر کوئٹہ میں ٹریننگ کے بعد مقابلے کے لیے پاناما پہنچے ہیں۔

اُن کا آخری مقابلہ نومبر 2016 میں سیئول، جنوبی کوریا میں ہوا تھا، جہاں انھوں نے گیمیل موگرامو نامی باکسر کو ہرا کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ ادھر، جولائی 2016 میں جنوبی کوریا میں محمد وسیم جنوبی کورین باکسر جیدر اولیویا کو ہرا کر ورلڈ باکسنگ کونسل کی فلی ویٹ سلور کیٹیگری کے چیمپئین بنے تھے۔

XS
SM
MD
LG