رسائی کے لنکس

'اِی میلز کے معاملے پر ہلری نے ’مجرمانہ غفلت نہیں برتی‘: ایف بی آئی


امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ہلری کلنٹن کی نئی ای میلز کے جائزے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب وہ وزیر خارجہ تھیں تو اُنھوں نے نجی اِی میل سرور کے استعمال میں کوئی مجرمانہ غفلت نہیں برتی۔

اُنھوں نے یہ نہیں بتایا آیا اِن نئی اِی میلز سے کیا تفصیل اخذ کی گئی، ماسوائے اِس بات کے کہ اُن کے بیورو کی رائے میں ''سیکرٹری کلنٹن سے متعلق جولائی میں بیان کردہ ہمارے نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں آئی''۔

کلنٹن کی انتخابی مہم نے ایک بیان میں ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''خوشی کی بات ہے کہ یہ معاملہ حل ہوگیا ہے''۔

کانگریس کو ایک خط میں جیمز کومی نے بتایا کہ تفتیش کار نئی ای میلز کے جائزے کے لیے دن رات کام کرتے رہے۔

جولائی میں جیمز کومی نے کہا تھا کہ ہلری کلنٹن کا نجی ای میل سرور استعمال کر کے غیر محتاط رویہ تھا لیکن وہ کسی مجرمانہ فعل کی مرتکب نہیں ہوئیں۔

ریپبلکن صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ ہلری کو ’’دھاندلی والے نظام‘‘ نے محفوظ بنایا۔

اُنھوں نے کہا کہ ساڑھ چھ لاکھ ای میلز کا محض آٹھ دنوں میں جائزہ نا ممکن ہے۔

آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بارے میں ا تک کے رائے عامہ جائزوں سے دونوں حریف امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

دونوں ہی اُمیدوار اپنی بھرپور انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG