رسائی کے لنکس

فرانس: صدر کے مبینہ معاشقے پر خاتونِ اول علیل


گزشتہ ہفتے فرانس کے ایک جریدے 'کلوزر' نے اپنی ایک رپورٹ میں41 سالہ فرانسیسی اداکارہ ژولی گائیے اور 59 سالہ صدر اولاں کے مبینہ معاشقے کا انکشاف کیا تھا۔

فرانس کی خاتونِ اول ویلیری ٹرائرویلر صدر فرانسس اولاں کے ایک فنکارہ کے ساتھ مبینہ معاشقے کی خبریں سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر صدمے سے علیل ہوگئی ہیں۔

خاتونِ اول کے ایک ترجمان نے ان کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتونِ اول کو طبیعت کی خرابی کے باعث جمعے کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور امکان ہے کہ انہیں پیر کو ڈسچارج کردیا جائے گا۔

گزشتہ روز ایک فرانسیسی اخبار 'لا پیریزین' نے سب سے پہلے خاتونِ اول کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 48 سالہ ٹرائر ویلراپنے پارٹنر فرانسس اولاں اور فرانسیسی اداکارہ ژولی گائیے کے مبینہ معاشقے کی خبریں سامنے آنے کے بعد صدمے سے بیمار ہوگئی ہیں۔

تاہم صدارتی ترجمان نے خاتونِ اول کی بیماری کی نوعیت سے لاعلمی ظاہر کی ہے اور ان کے اور صدر کے تعلق کے مستقبل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا ہے کہ اس کا فیصلہ وہ اپنی صحت یابی کے بعد کریں گی۔

خیال رہے کہ فرانس کے صدر فرانسس اولاں اور صحافت سے منسلک ویلری ٹرائر ویلر نے باقاعدہ شادی نہیں کی ہے لیکن وہ ایک دوسرے کے 'رجسٹرڈ پارٹنر' کی حیثیت سے گزشتہ کئی برسوں سے ساتھ رہ رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے فرانس کے ایک جریدے 'کلوزر' نے اپنی ایک رپورٹ میں41 سالہ فرانسیسی اداکارہ ژولی گائیے اور 59 سالہ صدر اولاں کے مبینہ معاشقے کا انکشاف کیا تھا۔

اداکارہ ژولی گائیے فرانس کی کئی درجن فلموں میں کام کرچکی ہیں اور فلمی حلقوں میں انہیں صدر اولاں کی سرگرم حمایتی سمجھا جاتا ہے۔

صدر اولاں نے تاحال اپنے مبینہ معاشقے کی خبروں کی تردید نہیں کی ہے تاہم انہوں نے جریدے پر نجی زندگی میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی ہے۔

صدر کے مبینہ اسکینڈل کی خبریں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب وہ ہر سال کی ابتدا میں ہونے والی روایتی پریس کانفرنس کی تیاری میں مصروف ہیں جس میں ان کی جانب سے ملک کی معیشت سے متعلق بعض اہم اعلانات متوقع ہیں۔

خاتونِ اول کی علالت کی خبریں سامنے آنے کے بعد ایک صدارتی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صدر اولاں بدستور اپنے فرائضِ منصبی ادا کر رہے ہیں اور منگل کو ہونے والی پریس کانفرنس کی تیاری میں مصروف ہیں۔

امکان ہے کہ اپنی نیوز کانفرنس میں صدر کمپنیوں پر نافذ ٹیکسوں میں کمی، سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں اور کاروبار آسان بنانے سے متعلق قواعد میں نرمی کا اعلان کریں گے۔

لیکن ساتھ ہی اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں نیوز کانفرنس کے دوران میں صحافیوں کی جانب سے اپنے مبینہ معاشقے کے حالیہ انکشاف پر بھی بعض تلخ سوالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

فرانس کے صدر اور خاتونِ اول کو آئندہ ماہ امریکہ کا سرکاری دورہ بھی کرنا ہے جس کے دوران میں صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما فرانسیسی جوڑے کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
XS
SM
MD
LG