رسائی کے لنکس

’کبھی نہیں بھول سکتی کہ کام کا آغاز کراچی سے کیا‘: پوجا بھٹ


’کراچی سے بطور ڈائریکٹر کام کا آغاز کرنا میرا ایسا انفرادی ’کارنامہ‘ ہے جو میرے پاپا مہیش بھٹ بھی نہیں کرسکے۔ 26سال پہلے کراچی میں ہونے والے ’کارا فیسٹیول‘ سے ہی میں نے ڈائریکشن کی شروعات کی تھی۔ اس لئے کراچی ساری زندگی میری سنہری یادوں سے جڑا رہے گا‘

انڈین ایکٹریس پوجا بھٹ اپنے والد اور بالی ووڈ فلموں کے نامور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر مہیش بھٹ کے ہمراہ ان دنوں کراچی آئی ہوئی ہیں۔ اپنی آمد کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کراچی سے جڑے اپنے رشتے سے متعلق خیالات شیئر کر ڈالے۔ ان کا کہنا تھا:

’کراچی سے بطور ڈائریکٹر کام کا آغاز کرنا میرا ایسا انفرادی ’کارنامہ‘ ہے جو میرے پاپا مہیش بھٹ بھی نہیں کرسکے۔ 26سال پہلے کراچی میں ہونے والے ’کارا فیسٹیول‘ سے ہی میں نے ڈائریکشن کی شروعات کی تھی۔ اس لئے کراچی ساری زندگی میری سنہری یادوں سے جڑا رہے گا۔ اس شہر سے میرا رشتہ ہے بہت خصوصی ہے۔‘

وہ دونوں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس یعنی ’ناپا‘ میں جاری ’انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول‘ میں شرکت کی غرض سے کراچی آئے ہیں۔

فلم ’پاپ‘، ’جسم 2‘ اور ’پوجا‘ جیسی مشہور فلموں کی ڈائریکٹر پوجابھٹ نے میڈیا نمائندوں کو یہ بھی بتایا کہ ’میں کوشش کرتی ہوں کہ اپنی ہر فلم میں کسی نہ کسی پاکستانی آرٹسٹ کو شامل کروں۔۔چاہے حکومت گرین سگنل دے یا نہ دے۔‘

پاکستانی آرٹسٹوں کی تعریف کرتے ہوئے پوجا بھٹ کا کہنا تھا ’میری فلم پاپ سے راحت فتح علی اور علی عظمت کا میوزک نکال دینا، ایسا ہی ہے جیسے کسی نے فلم سے اس کی روح نکال دی ہو۔‘

’ناپا تھیٹر فیسٹیول‘ میں مہیش بھٹ کا پلے ’ڈیڈی‘ پیش کیا جارہا ہے۔ پریمئر شو کے موقع پر مہیش بھٹ اور پوجا نے پاکستانی ناظرین کی جانب سے اپنے پرجوش خیر مقدم پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی،فن کاکوئی وطن نہیں ہوتا‘۔

فیسٹیول میں بھارت سمیت پانچ ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکار شرکت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG