رسائی کے لنکس

کرپشن بھارت کی معاشی ترقی کی رفتار متاثرکرسکتی ہے: سروے


کرپشن کےخلاف بھارتی کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ (فائل فوٹو)
کرپشن کےخلاف بھارتی کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ (فائل فوٹو)

سروے میں 65 فی صدرائے دہندگان کا کہنا تھا کہ اگر کرپشن پر قابو پالیا جائے تو بھارتی حکومت 9 فی صد معاشی ترقی کا سالانہ ہدف حاصل کرسکتی ہے

ایک بین الاقوامی فرم کی جانب سےکیےگئےسروے میںخبردارکیا گیا ہےکہ بھارت میں حد سے بڑھتی ہوئی کرپشن کےباعث ملک کی معاشی ترقی کی رفتار متاثر ہونےکا اندیشہ ہے۔

معروف کنسلٹنگ ادارے "کے پی ایم جی" کی جانب سے کیے گئے سروے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی باشندوں کی اکثریت یہ سمجھتی ہے ملک کے ہر شعبے میں موجود کرپشن سےبیرونی سرمایہ کاری پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں جس سےملک کی معاشی ترقی کی شرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سروے میں 65 فی صدرائے دہندگان کا کہنا تھا کہ اگر کرپشن پر قابو پالیا جائے تو بھارتی حکومت 9 فی صد معاشی ترقی کا سالانہ ہدف حاصل کرسکتی ہے۔ جبکہ نصف سے زائد رائے دہندگان کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی کے باعث بھارت غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلیے اپنی کشش کھو رہا ہے۔

سروے کے مطابق بھارت میں سب سے زیادہ کرپشن ریئل اسٹیٹ اور مواصلات کے شعبوں میں ہورہی ہے۔ سروے میں رائے دہندگان کی اکثریت نے نجی شعبہ کو بھی ملک میں کرپشن کے فروغ کا ذمہ دار ٹہرایا ہے۔

مذکورہ سروے ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی حکومت کو کئی اہم کرپشن اسکینڈلز کا سامنا ہے جن میں گزشتہ سال دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے دولتِ مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں میں ہونے والی بدعنوانیاں اور ٹیلی مواصلات کے غلط ٹھیکوں سے متعلق معاملات سرِ فہرست ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والی کھیلوں کے ان مقابلوں پر 6 ارب ڈالرز کی لاگت آئی تھی۔ تاہم بھارتی تحقیقاتی اداروں کاکہنا ہے کہ کھیلوں کے بجٹ میں 8ء1 ارب ڈالرز سے زائد کا غبن کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG