رسائی کے لنکس

بھارت: ہٹلرسٹور کے خلاف احتجاج، نام تبدیل کرنا پڑا


احمد آباد میں مغربی طرز کے مردانہ ملبوسات فروخت کرنے کے لیے دوبھارتی شہریوں نے ایک اسٹور ہٹلر کے نام سے کھولا تھا ، لیکن انہیں یہ علم نہیں تھا کہ یہ نام ملک میں بلند آہنگ احتجاج کا باعث بن جائے گا

مغربی بھارتی شہر احمد آباد میں ’ ہٹلر‘ کے نام سے قائم ایک اسٹور کا مالک، ملک میں آباد یہودیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے بعد نازی ڈکٹیٹر کا نام ہٹانے پر راضی ہوگیا ہے۔

تین ہفتے قبل احمد آباد کے ایک متمول علاقے میں مغربی طرز کے مردانہ ملبوسات فروخت کرنے کے لیے دوبھارتی شہریوں نے 400 مربع فٹ کا ایک اسٹور ہٹلر کے نام سے کھولا تھا ، لیکن انہیں یہ علم نہیں تھا کہ یہ نام ملک میں بلند آہنگ احتجاج کا باعث بن جائے گا۔

سٹور کے سائن بورڈ پر ہٹلر کا نام ، نازیوں کے نشان ساتھ نمایاں طورپر اجاگر کیا گیاتھا۔
اسٹور کے شریک مالک راجیش شا ہ کا کہناہے کہ اسٹور کا یہ نام ،دوسرے مالک کے دادا سے عقیدت کے اظہار پر رکھا گیا تھا جو اصولوں کے معاملے میں بہت سخت تھے۔

شاہ کا کہناہے کہ انہیں معلوم نہیں تھا دوسری جنگ عظیم کے دوران ہونے والی ہزاروں ہلاکتوں کا ذمہ دار ہٹلر تھا۔

اسٹور کے مالکان کا کہناہے کہ اس نام نے گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کیا اور ان کے کاروبار میں تیزی آئی ۔

لیکن گاہکوں کے ساتھ ساتھ اس نام نےاحمد آباد میں رہنے والی یہودیوں کی مختصر کمیونٹی کو بھی اپنی جانب متوجہ کیا اور انہوں نے نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

یہ مطالبہ صرف بھارت تک ہی محدود نہ رہا کہ یہودیت کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی نیویارک میں قائم ایک تنظیم اینٹی ڈی فیمیشن لیگ بھی میدان میں آگئی ۔

اسٹور کے مالکان نے چند دن تک تو نام کی تبدیلی کے مطالبے کی مزاحمت کی ، لیکن دباؤ مسلسل بڑھتا رہا اور ممبئی میں اسرائیلی قونصل جنرل نے یہ معاملہ گجرات کے اپنے دورے کے موقع پر ریاستی حکومت کے سامنے اٹھایا۔

جس کے بعد مقامی عہدے داروں نے اسٹور کے مالکان کو نوٹس دیا کہ اگر انہوں نے نام تبدیل نہ کیا اسٹور کالائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

چنانچہ اس ہفتے راجیش شاہ اور ان کے شراکت دار نام کی تبدیلی پر راضی ہوگئے ، لیکن شاہ نے بڑے تاسف کے ساتھ بتایا کہ ان کے گاہکوں نے اس نام پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔

اسی طرح کا ایک واقعہ چھ ہفتے قبل ممبئی میں ایک کیفے کے مالک کے ساتھ پیش آیا تھا جنہوں نے ’ ہٹلر کراس‘ کے نام کے ساتھ کیفے چلانے کی کوشش کی تھی مگرانہیں بھی نام تبدیل کرنے پر مجبور ہونا پڑاتھا۔

پچھلے سال بھارت کے ایک ٹیلی ویژن چینل نے ’ ہٹلر دیدی ‘ کے نام سے ایک سلسلے وار ڈرامہ نشر کیاتھا لیکن یہ ڈرامہ امریکہ میں دکھانے کے لیے اس کا نام بدل کر ’جنرل دیدی‘ کردیا گیاتھا۔

راجیش شاہ ان دنوں اپنے اسٹور کے نئے نام کی تلاش میں ہیں۔ وہ اہم کارنامے انجام دینے والی کسی تاریخی شخصیت کا نام رکھنا چاہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG