رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: بس ندی میں بہہ گئی، 29 افراد لاپتا


بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ تین روز سے شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور اس دوران مختلف حادثات کی وجہ سے کم ازکم 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جمعرات کو ایک بس ندی کے پانی میں بہہ گئی اور اس پر سوار کم ازکم 29 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

حکام کے مطابق باراتیوں سے بھری اس بس پر 34 افراد سوار تھے جو سرحدی ضلع راجوڑی کے قصبے راجپورہ سے لام جارہی تھی۔

امدادی کارکنوں نے چھ مسافروں کو بچا لیا جب کہ دیگر کی تلاش کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ تین روز سے شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور اس دوران مختلف حادثات کی وجہ سے کم ازکم 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بھارتی سرحدی فورس کا ایک افسر بھی شامل ہے۔

شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی سے کئی علاقوں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔

حالیہ بارشوں کی وجہ سے بھارتی کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں اچانک سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

بھارتی کشمیر میں حکام نے سیلاب کے حوالے سے کشمیر کی وادی اور جموں میں لوگوں کو مزید بارشوں اور سیلاب کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔ حکام نے مختلف علاقوں میں امدادی مراکز قائم بھی کیے ہیں جہاں پولیس اور امدادی کارکن ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے۔

بھارتی کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور انہوں نے صورت حال کو "تشویشناک " قرار دیا ۔

XS
SM
MD
LG