رسائی کے لنکس

جانورں کی اپنی نوعیت کی پہلی منفرد نمائش


جانورں کی اپنی نوعیت کی پہلی منفرد نمائش
جانورں کی اپنی نوعیت کی پہلی منفرد نمائش

کراچی ایکسپو سینٹر میں اپنی نوعیت کی پہلی منفرد سندھ لائیو اسٹاک ڈیری اینڈ فشریز نمائش کا آج آخری دن تھا۔ نمائش اس اعتبار سے منفرد تھی کہ اس میں پہلی مرتبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں پائے جانے والے اعلیٰ نسل کے مویشی، پرندے، سمندری جانور اور ڈیری مصنوعات رکھی گئی تھیں۔

ان جانور وں میں نہایت اعلیٰ نسل کی بھینسیں، گائے، بکرا بکری، بیل، ٹرکی، شترمرغ، بطخیں، مرغیاں اور اونٹ شامل تھے جو کراچی کے شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ سینٹر میں جانوروں کے لئے مخصوص احاطہ بنایاگیا تھا جبکہ ہال کے اندرجانوروں کی فیڈز، دودھ نکالنے والے آٹومیٹک پلانٹس، دودھ کو تادیر تازہ رکھنے والی مشینیں، ٹیٹرا پیک تیار کرنے والی خودکار مشینری، فارمی انڈوں کی پیدائش میں مدد دینے والی مشینری اور آلات نمائش کے لئے پیش کئے گئے تھے۔

نمائش میں مویشیوں میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کرنے والے تربیت یافتہ اونٹ نمایاں رہے۔ انہیں خصوصی طور پر سجایاسنوارا گیا تھا۔ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد اور غیر ملکی مندوبین 2 دنوں تک ان سے محظوظ ہوتے رہے۔

پاکستان میں شتر مرغ کی فارمنگ کرنے والے اداروں نے اپنے اسٹال پر شتر مرغ کے ڈیڑھ ماہ کے بچے رکھے ہوئے تھے جنہیں دیکھنے والوں کا رش آمڈ آیا۔ علاوہ ازیں ٹرکی، مرغی، دیسی مرغی اور مرغیاں، زیادہ دودھ والی بھینسیں، اعلی نسل کے گھوڑے، قدآدم بکرے وغیرہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے۔

گائے اور بھینسوں کی بہترین صحت پر ہر دیکھنے والے نے رشک کیا۔ ان بھینسوں کے رنگ، صحت، وزن، دودھ کی مقدار اور جسمانی خوبصورتی سب اپنی مثال آپ تھے۔ دیگر لائیو اسٹاک میں مچھلی، جھینگے، اونٹ، بکرے، گھوڑے اور دیسی و فارمی مرغی کی مختلف نسلیں شامل تھیں جبکہ شترمرغ، ٹرکی اور دیگر پرندوں میں بھی بچوں اور خواتین نے خاصی دلچسپی لی۔

نمائش کے منتظمین کے مطابق اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی نمائش کا مقصدلائیو اسٹاک اور ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بھرپور امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش میں بچے، خواتین اور ہر عمر کے افراد نے دلچسپی لی ۔

نمائش کا ایک دوسرا پہلو سیمینار بھی تھا ۔ سیمینار میں 18مالیاتی اداروں اورحکومتی محکموں کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت ان اداروں کے مابین ایک کنسلٹیٹو گروپ تشکیل دیاجائے گا جوایگری پراسیسنگ، مائننگ پراسیسنگ، لائیو اسٹاک، ڈیری، فشریز، پولٹری اورحلال انڈسٹری کے غیر روایتی کاروباری شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کام کرے گا اور سالانہ کم از کم 8 اجلاس منعقد کرکے کام کی رفتار کاجائزہ لے گا۔

XS
SM
MD
LG