رسائی کے لنکس

جان کیری رواں ہفتے کئی ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے


امریکی محکمہ ِ خارجہ کے ترجمان جین ساکی کے مطابق جان کیری اپنے اس دورے کے دوران چین، جنوبی کوریا، انڈونیشیاء اور متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

امریکی محکمہ ِ خارجہ کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق امریکی وزیر ِ خارجہ جان کیری رواں ہفتے میں چین، جنوبی کوریا، انڈونیشیاء اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

جان کیری اپنے اس دورے کا آغاز رواں ہفتے میں جمعرات سے کریں گے اور یہ دورہ 18 فروری تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ایشیاء کے لیے وزیر ِ خارجہ بننے کے بعد یہ جان کیری کا ایشیاء کا پانچواں دورہ ہوگا۔

امریکی محکمہ ِ خارجہ کے ترجمان جین ساکی کے مطابق جان کیری اپنے اس دورے کے دوران سیول، بیجنگ، جکارتہ اور ابوظہبی جائیں گے اور وہاں پر ’اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے‘۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ بیجنگ اور سیول میں جان کیری چین کی جانب سے اُن دفاعی حدود سے متعلق بھی معاملات زیر ِ بحث آئیں گے جسے چین نے گذشتہ برس اپنا حصہ قرار دیا جبکہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی اسے اپنا حصہ قرار دیتے ہیں۔

جان کیری اس موقعے پر شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے بارے میں گفتگو کریں گے۔

محکمہ ِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق جان کیری چینی حکام کو واضح کریں گے کہ، ’امریکہ چین کے ساتھ مثبت اور باہمی تعلقات پر مبنی رشتہ چاہتا ہے اور چین کی جانب سے عالمی معاملات پر پُرامن کاوشوں کو سراہتا ہے‘۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جان کیری شمالی کوریا سے متعلق معاملات پر بھی گفت و شنید کریں گے اور عالمی حدّت اور موسمیاتی تغیر کے حوالے سے امریکہ اور چین کی کاوشوں کی اہمیت کو بھی واضح کریں گے۔

سیول میں جان کیری شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے ساتھ ساتھ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ خطے کے اور عالمی معاملات کو بھی زیر ِ بحث لائیں گے۔
XS
SM
MD
LG