رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کے جوہری مذاکرات کار کا دورہ امریکہ


جنوبی کوریا کے جوہری مذاکرات کار کا دورہ امریکہ
جنوبی کوریا کے جوہری مذاکرات کار کا دورہ امریکہ

جنوبی کوریا کے جوہری مذاکرات کار وی سنگلک بدھ کو واشنگٹن میں امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جن میں شمالی کوریا کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام پر تعطل کا شکار مذاکرات کی بحالی کی حالیہ پیشکش پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واشنگٹن روانگی سے قبل وی نے جنوبی کوریا کی 'یون ہاپ' نیوز ایجنسی کو بتایا کہ وہ اپنے دورے کے دوران شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر جنوبی کوریائی اور امریکی موقف میں ہم آہنگی لانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ شمالی و جنوبی کوریا اور شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔

قبل ازیں واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات کا مقصد شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کے لیے جنوبی کوریا اور امریکہ کے موقف میں ہم آہنگی لانا ہے۔ تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ اگر پیانگ یانگ چھ ملکی مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے تو اسے مزید اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

امریکہ، روس، چین، جاپان اور جنوبی کوریا شمالی کوریا کو خوراک، توانائی اور دیگر امداد کے بدلے میں اپنا جوہری پروگرام ترک کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے گزشتہ آٹھ برسوں سے پیانگ یانگ کے ساتھ مذاکرات کر رہے تھے۔ تاہم یہ مذاکرات 2008ء میں اس وقت تعطل کا شکار ہوگئے تھے جب شمالی کوریا نے ان سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا اور بعد ازاں جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کے تجربات شروع کردیے تھے۔

شمالی کوریا گزشتہ کچھ ماہ سے ان مذاکرات کی دوبارہ بحالی کی خواہش کا اظہار کر رہا ہے تاہم جنوبی کوریا اور امریکہ کا اصرار ہے کہ پیانگ یانگ پہلے اپنے ماضی میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرے۔

XS
SM
MD
LG