رسائی کے لنکس

یمن: شدت پسندوں کا فوجی چھاؤنی پر حملہ، تین اہلکار ہلاک


شدت پسندوں کے حملے میں تین فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں جب کہ حملہ آوروں نے چھاؤنی میں موجود بعض اہلکاروں کو یرغمال بنالیا ہے۔

یمن میں 'القاعدہ' سے تعلق رکھنے والے مشتبہ شدت پسندوں نے ایک فوجی چھاؤنی پر قبضہ کرلیا ہے جسے ختم کرانے کے لیے فورسز کی کاروائی جاری ہے۔

حکام کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس درجنوں شدت پسندوں نے پیر کو المکالہ نامی شہر میں قائم یمنی افواج کی سیکنڈ ڈویژن کے صدر دفتر پر حملہ کیا۔

شدت پسندوں کے حملے میں تین فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں جب کہ اطلاعات ہیں کہ حملہ آوروں نے چھاؤنی میں موجود بعض اہلکاروں کو یرغمال بنالیا ہے۔

ایک فوجی افسر نے برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں کے فوجی وردیوں میں ملبوس ہونے کے سبب چھاؤنی میں موجود فوجیوں کو انہیں پہنچاننے اور فوری جواب دینے میں دشواری پیش آئی۔

افسر کے مطابق چھاؤنی کا قبضہ چھڑانے کے لیے یمنی فوج کے خصوصی دستوں کو دارالحکومت صنعا سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے المکالہ روانہ کردیا گیا ہے۔

ایک علاقہ مکین کے مطابق چھاؤنی میں کئی دھماکے ہوئے ہیں جب کہ فوجی دستوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لےکر نزدیکی گھروں کے مکینوں کو علاقہ سے چلے جانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ یمن میں 'القاعدہ' کی مقامی شاخ 'القاعدہ ان عریبین پینی سولا' کا خاصا اثر ہے جو ماضی میں بھی کئی بڑے حملے کرچکی ہے۔

'القاعدہ' کے شدت پسندوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث امریکہ نے بھی گزشتہ برس سے یمن کے قبائلی علاقوں پر ڈرون حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک کئی شدت پسند مارے جاچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG