رسائی کے لنکس

نئی ڈرامہ سیریل ’پاکیزہ‘۔۔۔ حساس رشتوں کی نازک کہانی


معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی تحریر کردہ سیریل، ’پاکیزہ‘ ایک ایسی مصورہ کی کہانی ہے جسے اپنے کام کے حوالے سے باہر تو بہت پذیرائی ملتی ہے، لیکن گھر کے اندر اسے اپنے شوہر جبران کے توہین آمیز رویے کا سامنا ہے

میاں بیوی کا رشتہ مضبوط بھی ہوتا ہے اور نازک بھی۔ نئی ڈرامہ سیریل ’پاکیزہ‘ میں اسی رشتے میں آنے والی رکاوٹوں کو ختم کرکے رشتے کو قائم رکھنے کی کشمکش کو اجاگر کیا گیا ہے۔

آمنہ شیخ، عدنان صدیقی اور علی خان کی اسٹار کاسٹ سے سجی سیریل ’پاکیزہ‘ نے ’ہم ٹی وی‘ پر آن ایئر ہوتے ہی عمدہ کہانی اور حقیقی اداکاری کی وجہ سے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔مصباح خالد کی ڈائریکٹ کردہ سیریل میں انجلین ملک اوراقرا چوہدری نے بھی اہم کردار ادا کئے ہیں۔

ہم ٹی وی نیٹ ورک کے صغیرمنہاس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی تحریر کردہ سیریل، ’پاکیزہ‘ ایک ایسی مصورہ کی کہانی ہے جسے اپنے کام کے حوالے سے باہر تو بہت پذیرائی ملتی ہے، لیکن گھر کے اندر اسے اپنے شوہر جبران کے توہین آمیز رویے کا سامنا ہے۔’پاکیزہ‘ کا شوہر ہر وقت اسے یہ احساس دلاتا رہتا ہے کہ پاکیزہ کی اہمیت اس کی وجہ سے ہے ورنہ وہ کچھ نہیں۔

پاکیزہ جو اپنی نند کی آرٹ گیلری میں بھی کام کرتی ہے اور15 سالہ بچی کی ماں ہے، اپنے گھر کو بچانے اور رشتے کو قائم رکھنے کے لئے اپنے شوہر کی ہر زیادتی کوخاموشی سے برداشت کرتی ہے۔

سیریل میں میاں بیوی کے درمیان ذہنی ہم آہنگی کی ضرورت، محبت اور عزت کی اہمیت کو بہت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ پاکیزہ کی زندگی میں عدنان صدیقی کی آمد اور محبت کا اظہار کیا اسے اپنے شوہر سے متنفر کر دے گا یا پھر پاکیزہ اپنی ثابت قدمی سے اپنے شوہر کے رویے کو تبدیل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی؟

XS
SM
MD
LG