رسائی کے لنکس

ٹھٹھرتی راتوں میں نئے چہروں اور نئی کہانیوں سے موسم کا مزہ لیجئے


ڈرامہ سیریل سو دن کی کہانی کا ایک منظر
ڈرامہ سیریل سو دن کی کہانی کا ایک منظر

سردی کی آمد آمد کے ساتھ ہی نجی ٹی وی چینلز نے نئے پرانے چہروں اور کہانیوں کے ساتھ نئے ٹی وی سیریلز شروع کر دیئے ہیں۔ ان میں سے بعض کا ذکر ذیل میں پڑھئے:

سردی کی طویل اور ٹھٹھرتی راتوں میں لحاف اور کمبل میں بیٹھ کر گرما گرم میوے کھانا اور ٹی وی دیکھنا اپنے آپ میں ایک مزہ دیتا ہے۔ ایسے میں زیادہ تر وقت ٹی وی کے سامنے ہی گزرتا ہے۔ اس حقیقت کو جانتے ہوئے ہی نجی ٹی وی چینلز نے نئے پرانے چہروں اور کہانیوں کے ساتھ نئے ٹی وی سیریلز شروع کردیئے ہیں۔ ان میں سے بعض کا ذکر کچھ یوں ہے؛

سو دن کی کہانی
’ہم ستارے‘ کے نئے ڈرامے ’سو دن کی کہانی‘ چھ ماہ کی حاملہ لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے شوہر کے ساتھ ہر دن اپنے ہونے والے بچے کے انتظار میں گزارتی ہے۔دونوں نئے مہمان کی آنے کی تیاریوں میں لگے ہوتے ہیں۔ لیکن قسمت ان پر مہربانی کرنے کے بجائے اس وقت ایک نئے امتحان میں ڈال دیتی ہے جب شوہر کو پتہ چلتا ہے کہ اسے کینسر جیسا موذی مرض ہے اور اس کے پاس اتنے ہی دن باقی بچے ہیں جتنے نئے مہمان کے آنے میں۔

وقت تیزی کے ساتھ گزرتا ہے مگر وہ اپنی بیوی کی خوشی کی خاطر یہ بات اس سے چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔کیا قسمت ایک نئی زندگی دینے پر اس خاندان سے ایک زندگی چھین لے گی؟۔۔یہ جانے کے لئے ’ہم ستارے‘ سے دیکھئے ایک نیا ڈرامہ سیریل ’سو دن کی کہانی‘۔

اسے تحریر کیا ہے آدم عزین نے، ہدایات عابس رضا اور پیشکش جیم اسٹون کی ہے جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں صنم چوہدری، فرقان قریشی، مظہر علی، حرا پرویز، زارا ترین، کومیل اقبال، عامر قریشی، آشتہ سید اور نورالحسن خان۔

مان
’ہم ٹی وی‘ کا نئے ڈرامہ سیریل ’مان‘ رشتوں کو نبھانے کا دوسرا نام ہے۔ ایمان اور وفا ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے والے میاں بیوی ہیں۔ ان کی دو بیٹیاں حریم اور ہانیہ ان کی کل کائنات ہے۔

مڈل کلاس کی اس فیملی کو معاشی مسائل نے گھیرا ہوا ہے۔ ایمان کی کوشش ہے کہ وفا اور اپنی بیٹیوں کو کسی چیز کی کمی نہ ہونے دے۔ لیکن قسمت ان پر مہربان نہیں اسے محبت، رشتوں اور جذبات کے کئی امتحان دینا باقی ہیں۔

ایمان ابھی قرضوں سے نجات بھی حاصل نہیں کرپاتا کہ اسے پتہ چلتا ہے کہ حریم کے دل میں سوراخ ہے اور علاج کے لئے لاکھوں روپوں کی ضرورت ہے۔ وہ تمام کوششوں کے باوجود پیسوں کا بندوبست نہیں کرپاتا اور شدید ندامت کے عالم میں اسے دن گزانا پڑتے ہیں۔

اسی اس کی ملاقات مایا سے ہوتی ہے۔ مایا اس کی منگیتر ہے لیکن ذاتی اختلافات کی بنا پر ان کی منگنی ٹوٹ جاتی ہے۔ یہیں سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے اور یہ موڑ کیا ہے اسے جاننے کے لئے آپ کو سیریل دیکھنا پڑے گا۔

تحریر شہلا شکور، ہدایات امین اقبال، پیشکش عبداللہ کادوانی، اسید قریشی۔ اداکار میکال ذوالفقار، کرن حق، سیمی راحیل، ماہا وارثی اور وسیم۔

نیلم کنارے
آزاد جموں وکشمیر کی خوبصورت وادیوں میں عکس بند ہونے والے ’ہم ستارے‘ کے نئے ڈرامے ’نیلم کنارے‘ کی کہانی سکینہ کے گرد گھومتی ہے جس کو والدین کی وفات کے بعد اس کی چچا اور چچی نے پالا۔ تعلیم کے ساتھ جنون کی حد تک لگاؤ کی وجہ وہ اپنی چچی کو ایک آنکھ نہیں بھاتی لیکن اس کا چچا زاد اعجاز سکینہ کو پسند بھی کرتا ہے اورہر موڑ پر اس کی مدد بھی کرتا ہے۔

اپنی والدہ کی مخالفت کے باوجود اعجاز سکینہ سے شادی کر لیتا ہے اور سکینہ کے شوق کی خاطر اسے بیرون ملک تعلیم کے حصول کے بھیج دیتا ہے۔ اعجاز کی کزن جو اعجاز سے شادی کرنا چاہتی تھی اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتی ہے اور اعجاز کے دل میں سکینہ کے خلاف شک ڈال دیتی ہے۔

اسے تحریر کیا ہے آمنہ مفتی نے، ہدایات عدنان وائی قریشی کی ہیں اور پیشکش مہروز کریم فلمز اور ایم ڈی پروڈکشن کی ہے۔ اداکاروں میں شامل ہیں گوہر ممتاز، انشا شاہ، ایوب کھوسو، ثمینہ پیرزادہ اور سنبل اقبال۔

XS
SM
MD
LG