رسائی کے لنکس

شمالی کوریا ایک اور جوہری تجربہ کرسکتا ہے: اطلاعات


شمالی کوریا کی ایک جوہری تنصیب کی سیٹلائٹ تصاویر جہاں حالیہ دنوں میں سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
شمالی کوریا کی ایک جوہری تنصیب کی سیٹلائٹ تصاویر جہاں حالیہ دنوں میں سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ماہرین اور تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بیلسٹک میزائل کے حالیہ ناکام تجربے سے ہونے والی خفت مٹانے کے لیے بھی شمالی کوریا کی حکومت ایک اور جوہری تجربہ کرسکتی ہے۔

جنوبی کوریا کی ایک خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کی حکومت بین الاقوامی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو یہ شمالی کوریا کا پانچواں جوہری تجربہ ہوگا۔

خبر رساں ادارے 'یونہاپ' نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اسے کئی حکومتی عہدیداران سے پتا چلا ہے کہ شمالی کوریا کے علاقے پنگائری میں واقع جوہری تجرباتی مرکز میں جاری سرگرمیوں میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران دو سے تین گنا تک اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تجرباتی مرکز میں جاری سرگرمیوں سے متعلق اطلاع دینے والے ذرائع کو یقین ہے کہ مرکز میں جن ٹرکوں کی غیرمعمولی آمد و رفت نوٹ کی گئی ہے وہ جوہری تجربے سے متعلق تیکنیکی عملے کو لانے اور لے جانے کا کام کر رہے ہیں۔

شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور جوہری تجربے کی تیاری سے متعلق اطلاعات ایسے وقت منظرِ عام پر آئی ہیں جب پیانگ یانگ میں حکمران جماعت 'ورکرز پارٹی' کے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں جو آئندہ ماہ کے اوائل میں متوقع ہے۔

امکان ہے کہ شمالی کوریا کی فوجی حکومت کے سربراہ کم جونگ ان پارٹی کانگریس کے اس اجلاس میں جوہری ٹیکنالوجی اور بیلسٹک میزائل پروگرام میں پیش رفت سے متعلق اپنے حالیہ دعووں کا اعادہ کریں گے۔

ماہرین اور تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کے بانی صدر کم اِل سنگ کی سال گرہ کے موقع پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے ناکام تجربے سے ہونے والی خفت مٹانے کے لیے بھی شمالی کوریا کی حکومت ایک اور جوہری تجربہ کرسکتی ہے۔

شمالی کوریا نے اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رواں سال جنوری میں اپنا چوتھا جوہری تجربہ کیا تھا جس کے اگلے ہی ماہ اس نے بیلسٹک میزائل کا بھی تجربہ کیا تھا۔

ان دونوں تجربوں کے بعد اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا پر پہلے سے عائد اقتصادی پابندیوں مزید سخت کردی ہیں جس پر پیانگ یانگ حکومت خاصی برہم ہے اور مسلسل پڑوسی ملک جنوبی کوریا اور اس کے اتحادی امریکہ کو دھمکیاں دے رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG