رسائی کے لنکس

پولیس کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ میں جمعہ کو ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا نشانہ رسالپور تھانے کے انچارج تھے جو اس حملے میں اپنے ایک دوسرے ساتھی سمیت موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

خودکش بمبار پیدل تھا اور اُس نے ایس ایچ او اجمیر شاہ کی گاڑی پر اُس وقت حملہ کیا جب مرکزی شاہراہ سے گزرتے ہوئے ایک مقام پر موڑتے وقت گاڑی کی رفتار آہستہ ہوئی۔ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور چار راہگیر زخمی بھی ہوئے۔

نوشہرہ کے ضلعی پولیس افسر ڈی پی او محمد حسین نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول ایس ایچ او عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں اور طالبان کمانڈروں کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، اور بظاہر اس ہی لیے اُن پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔

’’ایک مہنیہ بھی نہیں ہوا ہے کہ ایک بہٹ بڑا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا اور (اس آپریشن میں حصہ لینے والی) پولیس پارٹی کی سربراہی اجمیر شاہ نے کی تھی۔ اس کے علاوہ بھی اُن کی بہت ساری کامیابیاں ہیں۔‘‘

رسالپور، صوبہ خیبر پختون خواہ میں واقع ہے جہاں طالبان شدت پسند سکیورٹی فورسز اور سرکاری اہداف کے علاوہ عوامی مقامات پر تواتر سے ایسے حملے کرتے آئے ہیں البتہ حالیہ ہفتوں میں تشدد کے ان واقعات میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

جمعہ کو نوشہرہ کے قریب جہاں یہ تازہ واقعہ پیش آیا وہ عسکری اعتبار سے حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے کیوں کہ یہاں پاک فضائیہ کی مرکزی تربیت گاہ کے علاوہ دیگر فوجی تنصیبات واقع ہیں۔

XS
SM
MD
LG