رسائی کے لنکس

ُنیویارک: پاکستان ڈے پریڈ میں بلوچ وفد کی شرکت


تقریب سے خطاب میں، بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ’بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان، دونوں ایک دوسرے کا لازمی جُزو ہیں، اور بلوچ نوجوان پاکستان کے آئین میں رہ کر اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں‘

نیویارک کے سالانہ پاکستان ڈے پریڈ میں بلوچستان اسمبلی اور کابینہ کے 20 رکنی وفد کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں سے آئے ہوئے رہنماؤں نے شرکت کی۔

’مڈیسن ایونیو‘، مین ہٹن کی اہم ترین شاہراہ پر منعقد ہونے والے اس پریڈ کی روایتی طور پر قیادت نیویارک پولیس کے چاق و چوبند گھڑسوار دستے اور بینڈ نے کی۔

پاکستانی ثقافت کے اظہار کے لئے، پریڈ میں رنگارنگ فلوٹس بھی شامل تھے جن پر سوار خواتین اور بچے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کر رہے تھے۔

پریڈ کے اختتامی مقام پر، ایک جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سمیت 20 رکنی وفد کے علاوہ تحریک پاکستان کی رہنما بیگم شاہنواز کی بیٹی رکن صوبائی اسمبلی ذکیہ شاہنواز، اقلیتی رکن پنجاب اسمبلی شہزاد منیش، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی، قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اور دیگرنے بھی شرکت کی۔

جلسہ گاہ کے اطراف میں رنگارنگ پاکستانی کھانوں، چوڑیوں اور لباس کے علاوہ دیگر اشیا کے درجنوں اسٹال لگائے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب میں بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان، دونوں ایک دوسرے کا لازمی حصہ ہیں؛ اور یہ کہ بلوچ نوجوان پاکستان کے آئین میں رہ کر اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ، ان کی اپنی حکومت ان کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور بہت جلد اقتصادی راہداری کی تعمیر ہونے کے بعد پاکستان کے اس صوبے کی معاشی تقدیر بدل جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو، جس کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ نیویارک میں پاکستانیوں کا یہ اجتماع بتا رہا ہے کہ وطن سے دور رہ کر بھی پاکستانیوں کے دلوں میں پاکستان موجود ہے۔

پنجاب اسمبلی کی رکن ذکیہ شاہنواز نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو پریڈ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور وزیر اعطم نواز شریف کی جانب سے پیغام دیا کہ حکومت ملک کی داخلی اور خارجہ مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

انھوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ اپنے عمل اور کردار سے دنیا کے سامنے پاکستان کی بہتر ساکھ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

XS
SM
MD
LG