رسائی کے لنکس

صدر اور وزیر اعظم سے مستفیٰ ہونے کا مطالبہ


صدر اور وزیر اعظم سے مستفیٰ ہونے کا مطالبہ
صدر اور وزیر اعظم سے مستفیٰ ہونے کا مطالبہ

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی فورسز نے اُسامہ بن لادن کی قیام گاہ کے خلاف خفیہ آپریشن کر کے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طے شدہ ”ریڈ لائن “ کی مبینہ خلاف ورزی کی ہے ا ور ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں ناکامی پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو فوری طور پر اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

ہفتہ کو لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ سیاسی قیاد ت اس تمام صورت حال پر خاموش ہے ۔ حکمران پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی فوری طور پر بلایا جائے اور ایبٹ آباد آپریشن سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائز ہ لینے اورقومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد پاکستان کو ایک مشترکہ موقف کا اعلان کرنا چاہیے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ”ریڈ لائن“ کی حد کیا ہے اور اس تمام معاملے پر اُن میں سے کسی ایک کو قوم سے خطاب کر کے پاکستانی عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے چاہیے تھا۔”لیکن وہ ایسا کرنے اور ملک کی خودمختاری کا دفاع کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اس لیے انھیں اپنے عہدو ں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔“

سابق وزیر خارجہ نے امریکہ پر بھی کڑی تنقید کی کہ ایک طرف تو وہ پاکستان کو اپنا حلیف گردانتا ہے مگر اُسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن میں معلومات کا تبادلہ کرنے کے بجائے الزام لگاتا ہے کہ ”کہیں پاکستانی سکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کو خبر دے دیں۔ “

XS
SM
MD
LG