رسائی کے لنکس

کوئٹہ نے کراچی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


کرس گیل آج بھی متاثرکُن پرفارمنس نہ دے سکے اور رنز کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ وہ 34 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے

احمد شہزاد اور اسد شفیق کی عمدہ بیٹنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو آسانی سے چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ کے تحت دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔

کراچی کنگز کے اوپنرز کمار سنگاکارا اور بابراعظم نے 63رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، اس موقع پر کمار سنگاکارا وکٹ سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں محمود اللہ کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔ انہوں نے نے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے، بابر اعظم 36رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کرس گیل آج بھی متاثرکُن پرفارمنس نہ دے سکے اور رنز کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ وہ 34 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے 9رنز کی اننگز کھیلی۔ کائرون پولارڈ نے 19گیندوں پر 31رنز بنا کر مجموعی اسکور 148 رنز تک پہنچا دیا۔ میر حمزہ کے آخری اوور میں 21رنز بنے۔ یوں کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محموداللہ نے تین، انور علی نے دو اور امیرحمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز احمد شہزاد اور اسد شفیق نے پُر اعتماد اور جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی۔ کراچی کنگز کا کوئی بھی بولر ان کیلئے مشکلات پیدا نہ کر سکا اور 12اوورز میں 105 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر احمد شہزاد 40 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار ہوگئے۔ سہیل کے اسی اوور میں کیون پیٹرسن ایک بھی بال کا سامنا کیے بغیر رن آؤٹ اور اسد شفیق محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسد شفیق نے 38 گیندوں پر 51 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔

ایک اوور میں تین وکٹیں گرنے کے باوجود کراچی کنگز میچ میں واپس نہ آسکی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یک طرف مقابلے کے بعد 19 اوورز میں 158 رنز بنا کر میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ سرفراز 19 اور محمود اللہ 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر محمود اللہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز کی طرف سے سہیل خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پوائنٹس ٹیبل


پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6،6 جبکہ پشاور زلمی کے 5اور کراچی کنگز کے 4 پوائنٹس ہیں۔

جمعے کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG