رسائی کے لنکس

کوئٹہ میں ہوٹل پر دستی بم حملہ، ایک ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق پیر کی صبح ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش پرنس روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر دستی بم پھینکنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے اہم کاروباری علاقے پرنس روڈ پر ایک ہوٹل پر دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش پرنس روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر دستی بم پھینکنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔

جب یہ دستی بم حملہ کیا گیا تو ہوٹل کے باہر ناشتہ لینے کے لیے لوگ کھڑے تھے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تاحال کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم اس سے قبل بھی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ عسکری تنظیموں کی طرف سے قبول کی جاتی رہی ہے۔

پرنس روڈ کے اسی ہو ٹل کے باہر اس سے قبل بھی سائیکل میں نصب بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ 14 اگست کو بھی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں تین دستی بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

قدرتی وسائل سے مالامال جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں بلوچ علحیدگی پسند تنظیمیں سرگرم عمل ہیں جو سیکیورٹی فورسز اور سرکاری اہداف پر حملے کرتی رہی ہیں۔

حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کالعدم عسکری تنظیموں سے نمٹنے کے لیے ایک نئی فورس بھی بنائی گئی ہے جس سے توقع ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔

XS
SM
MD
LG