رسائی کے لنکس

سفیر قتل سازش، ملزم کا صحتِ جرم سے انکار


سفیر قتل سازش، ملزم کا صحتِ جرم سے انکار
سفیر قتل سازش، ملزم کا صحتِ جرم سے انکار

امریکہ میں تعینات سعودی سفیر کے قتل کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار ایک ملزم نے امریکی عدالت کے روبرو خود پر عائد کردہ الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔

امریکہ اور ایران کی دہری شہریت کے حامل ملزم منصور ارباب سیار نے پیر کو نیویارک کی ایک عدالت کے روبرو استغاثہ کی جانب سے خود پر عائد الزامات سے انکار کیا۔

ارباب سیار پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ میں تعینات سعودی عرب کے سفیر عدیل الجبیر کو واشنگٹن کے ایک ریستوران میں بم حملے کے ذریعے قتل کرنے کے لیے میکسیکو کے جرائم پیشہ گروہ کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ارباب سیار کے منصوبے کا اصل محرک ایرانی افواج 'پاسدارانِ انقلاب' کا 'القدس فورس' نامی خصوصی فوجی دستہ ہے جس نے اس مقصد کے لیے 15 لاکھ ڈالرز کی رقم فراہم کی تھی۔

گزشتہ کئی برسوں سے امریکہ میں مقیم 56 سالہ ملزم ارباب سیار امریکہ کی جنوب مغربی ریاست ٹیکساس میں استعمال شدہ کاروں کے کاروبار سے وابستہ ہے۔

امریکی حکام کے بقول مقدمے کا شریک ملزم غلام شکوری ایرانی فورس کا ایک عہدیدار ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ وہ ایران میں موجود ہے۔

ایران نے ان امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ گزشتہ روز امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے واضح کیا تھا کہ ایران نے سعودی سفیر کو نقصان پہنچانے کا کبھی کوئی ارادہ تک نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG