رسائی کے لنکس

حصاروں سے نکلنا چاہتا ہوں


صحافتی مشن کی آبیاری کے ساتھ ساتھ، شعر و شاعری اور ادب سے اُن کا رشتہ پختہ تر ہوتا چلا گیا

ازل سے ہوں مقید دائروں میں
حصاروں سے نکلنا چاہتا ہوں

نامور صحافی، کالم نویس اور شاعر، انوار فیروز کی رحلت کا صدمہ اُن احباب کو بھی ہے جو اُن کی معیاری صحافت اور شاعری کے مداح تھے، اور اُنھیں ایک دردمند دل کا مالک، کم گو، قداور، خوش شکل اور خوش مزاج فرد کے طور پر جانتے تھے۔

وہ ستر کی دہائی سے قبل پیشہ وارانہ صحافت میں کے شعبے سے وابستہ ہوئے، پہلے روزنامہ ’تعمیر‘ میں اور پھر روزنامہ’نوائے وقت‘میں کام کرنے لگے۔ نوائے وقت میں وہ 35برس سے زائد عرصے تک اپنے جوہر دکھاتے رہے۔ لیکن، آخری ایام تک اُن کی صحافت مشن ہی کے درجے پر فائز رہی۔

صحافتی مشن کی آبیاری کے ساتھ ساتھ، شعر و شاعری اور ادب سے اُن کا رشتہ پختہ تر ہوتا چلا گیا۔

وہ 1938ء میں بھارت کے ضلع فیروزپور میں پیدا ہوئے اور نو برس کی عمر میں اپنےوالدین کے ہمراہ پاکستان آئے، اور ضلع اٹک میں آباد ہوئے۔ 1960ء میں گورڈن کالج راولپنڈی سے اردو میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔

اُن کا شعری مجموعہ ’سمندر مضطرب ہے‘ اور سفرنامہ ’نیا کولمبس‘ اُن کی معیاری ادبی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

’سمندر مضطرب ہے‘ میں کہتے ہیں:

کہاں جاؤں میں اپنی پیاس لے کر
سمندر ریت کا پھیلا ہوا ہے

اگرچہ تجھ سے ملنا چاہتا ہوں
مگر پتھر انا کا درمیاں ہے


انوار فیروز صاحب کے شعری مجموعے پر تبصرہ کرتے ہوئے، ’اردو منزل ڈاٹ کام‘ سے وابستہ شاعرہ، صبیحہ صبا کہتی ہیں کہ، انوار صاحب نے گھر میں ادبی فضا کو بنائے رکھا، ’یہاں تک کہ اُن کے بچوں پر اتنا اثر ہوا کہ وہ بھی شاعر بن گئے‘۔

اپنے کالم ’آنکھیں میری‘ میں، وہ معاشرے کے مسائل سے پردہ ہی نہیں اٹھاتے رہے، بلکہ حتی الوسع، اپنی سوچ پر مبنی حل بھی پیش کرتے رہے۔

معاشرے کے مسائل اور الجھنیں اُنھیں پریشان کرتی تھیں۔ ایک جگہ کہتے ہیں کہ،

لٹیرے آگئے ہیں ہمدرد بن کر
وطن میں کیا تماشہ ہو رہا ہے

وہ میرے دیس کا رہبر بنا ہے
مگر اِس دیس کا لگتا نہیں ہے

اُن کی ایک غزل سے اقتباس:

جہاں خود غرضیاں ہوں، وہ نگر اچھا نہیں لگتا
کہ جس میں بھائی لڑتے ہوں، وہ گھر اچھا نہیں لگتا

جو بچے بھول کر رنگینیوں میں غرق ہو جائیں
خدا شاہد ہے، مجھ کو وہ بشر اچھا نہیں لگتا۔

ایک اور شعر:

چھوڑ دیں کارِ محبت یہی بہتر ہے
اتنی اجرت میں گزارا نہیں ہونے والا۔

وہ ایک سچے محبِ وطن تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت کرے۔ آمین۔
XS
SM
MD
LG