رسائی کے لنکس

مسی سپی: دو پولیس اہلکار قتل، تین مشتبہ ملزمان گرفتار


پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان
پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان

ہیٹیس برگ میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل کی یہ پہلی واردات ہے جس کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے۔

پولیس نے امریکی ریاست مسی سپی میں دو پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہ تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ریاستی حکومت کے محکمہ برائے عوامی تحفظ کے ترجمان وارن اسٹرین نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے دو ملزمان – 29 سالہ مارون بینکس اور 22 سالہ جوانے کیلووے پر قتلِ عمد کی فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مارون بینکس پر غیر قانونی ہتھیار رکھنے اور فائرنگ کے بعد پولیس کی کار چوری کرکے فرار ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے کے بعد انہی کی گاڑی میں فرار ہوگیا تھا لیکن جائے واردات سے تین، چار بلاک آگے جانے کے بعد اس نے یہ گاڑی چھوڑ دی تھی۔

ملزمان کا تیسرا ساتھی مارون بینک کا 26 سالہ بھائی کرٹس بینکس ہے جس پر قتل کی واردات کے بعد ملزمان کی معاونت کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق تینوں ملزمان مسی سپی کے شہر ہیٹیس برگ کے رہائشی ہیں جنہیں ہفتے کی شام دو پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد پوری رات جاری رہنے والی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا۔

محکمۂ عوامی تحفظ کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس تینوں ملزمان کو بغیر کسی مزاحمت کا سامنا کیے گرفتار کرنے میں کامیاب رہی اور امکان ہے کہ انہیں پیر کو عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق تینوں ملزمان ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب انہیں دو پولیس اہلکاروں نے ہیٹیس برگ کے ایک چوک پر روکا۔

ترجمان نے بتایا کہ کار میں سوار ایک ملزم نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ہیٹیس برگ کے محکمۂ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار 34 سالہ بینجمن ڈین اور 25 سالہ لیکوری ٹیٹ تھے۔

ریاست کے محکمۂ قانون کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو کیوں روکا تھا اور ملزمان اور اہلکاروں کے درمیان ایسا کیا تنازع ہوا تھا جس پر فائرنگ کی گئی۔

ہیٹیس برگ میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل کی یہ پہلی واردات تھی جس کے بعد ریاست کے کئی شہروں سے پولیس اور تفتیشی اہلکاروں کی بڑی تعداد شہر پہنچ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG