رسائی کے لنکس

عمیمہ ملک عالمی تنظیم برائے تحفظِ ماحولیات کی سفیر مقرر


عمیمہ کی حالیہ اور قابل فخر کامیابی یہ ہے کہ وہ تحفظ ماحولیات کی عالمی تنظیم ’ڈبلیو ڈبلیو ایف‘ کی سفیر مقرر کردی گئی ہیں۔

عمیمہ ملک ان خوش قسمت فنکاروں میں سے ہیں، ایک کے بعد ایک کامیابی جن کے قدم چومتی ہے۔ عمیمہ کی حالیہ اور قابل فخر کامیابی یہ ہے کہ وہ تحفظ ماحولیات کی عالمی تنظیم ’ڈبلیو ڈبلیو ایف‘ کی اعزازی سفیر مقرر کردی گئی ہیں۔

عمیمہ نے پاکستانی فلم 'بول' سے گھر گھر شہرت پائی، جبکہ اس سے پہلے ماڈلنگ کی دنیا میں اپنی پہچان بنا چکی تھیں۔ اس دوران، انہوں نے کئی بڑے ملکی اور غیر ملکی ایوارڈ بھی جیتے۔ گزشتہ سال ہی ان کی ایک اور کامیاب فلم 'عشق خدا' بھی عوام میں بہت مقبول رہی ہے۔

اندرون ملک کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ ان دنوں بھارتی فلموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ان کی اسی شہرت اور کامیابی کو دیکھتے ہوئے ’ورلڈ وائیڈ فنڈ‘ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) نے انہیں اپنا سفیر مقرر کیا ہے، جس کا مقصد بدلتے ہوئے ماحولیات منظر سے عوامی آگاہی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف ماحولیات کی سب سے بڑی عالمی تنظیم ہے۔

اسی لئے، عمیمہ اس کا اعزازی سفیر مقرر ہونے پر پھولے نہیں سما رہیں۔

ان کا کہنا ہے 'میں بہت زیادہ خوش ہوں کہ اس تنظیم کا حصہ بن رہی ہوں۔۔ مجھے فخر ہے کہ یہ تنظیم عالمی پیمانے پر ماحولیات کے لئے اتنا کام کر رہی ہے۔ میں تنظیم کے اس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہوں گی کہ دنیا کو رہنا کے لئے سب سے بہتر جگہ بنایا جائے'۔

پبلسٹی فرم 'انسائیکلومیڈیا' نے 'وائس آف امریکہ' کو اس حوالے سے مزید آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عمیمہ کی بطور سفیر خدمات سے یقیناً بہت فائدہ ہوگا۔ یہ واقعی بہت بڑا اعزاز ہے کہ اتنی بڑی تنظیم نے اس کام کے لئے انہیں منتخب کیا۔
XS
SM
MD
LG