رسائی کے لنکس

پاکستان و افغانستان کے لیے نئے امریکی ایلچی کا تقرر


پاکستان و افغانستان کے لیے امریکہ کے نئے نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز
پاکستان و افغانستان کے لیے امریکہ کے نئے نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے سینئر سفارت کار جیمز ڈوبنز کو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کا نیا نمائندہ خصوصی نامزد کیا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے سینئر سفارت کار جیمز ڈوبنز کو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کا نیا نمائندہ خصوصی نامزد کیا ہے۔

تحقیقی ادارے 'رینڈ نیشنل ڈیفنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ' سے منسلک اور سابق امریکی سفارت کار ڈوبنز مارک گراسمین کی جگہ سنبھالیں گے جو ان سے پہلے اس عہدے پر کام کر رہے تھے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق سیکریٹری کیری نے جمعے کو پاکستان کے صدر آصف زرداری اور افغانستان کےصدر حامد کرزئی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں دونوں ملکوں کے لیے نئے امریکی ایلچی کے تقرر سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ صدر اوباما نے 2009ء میں پہلی بار پاکستان و افغانستان کے لیے واشنگٹن کے خصوصی ایلچی کے طور پر سینئر امریکی سفارت کار رچرڈ ہالبروک کو تعینات کیا تھا۔

دسمبر 2010ء میں ہالبروک کی اچانک موت کے بعد مارک گراسمین نے یہ اہم ذمہ داری سنبھالی تھی لیکن گزشتہ سال دسمبر میں وہ اس عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

جیمز ڈوبنز ایک ایسے وقت میں خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے اور کابل میں پاکستان کے بارے میں بداعتمادی بڑھتی جارہی ہے۔

افغان حکومت کا موقف ہے کہ پاکستان، طالبان کے ساتھ بات چیت کے آغاز میں معاونت کے بجائے امن عمل میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور افغانستان کو غیر مستحکم کرکے کابل میں اپنی من پسند حکومت کے قیام کا خواہاں ہے۔

نئے امریکی ایلچی کو پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے قانونی جواز اور ان کے خلاف سخت مقامی اور بین الاقوامی ردِ عمل سے نبٹنے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔
XS
SM
MD
LG