رسائی کے لنکس

سابق گورنر مٹ رومنی امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے


سابق گورنر مٹ رومنی امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے
سابق گورنر مٹ رومنی امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے

سابق گورنر اور سالٹ لیک سٹی ونٹر اولمپکس کے سربراہ مٹ رومنی نے کہا ہے کہ وہ 2012ء کے صدارتی انتخابات میں مسٹر براک اوباما کا مقابلہ کریں گے۔

رومنی 2008ء میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ری پبلیکنز پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ لیکن گذشتہ کئی مہینوں سے وہ وہائٹ ہاؤس کی دوڑ میں اپنی پارٹی کی نامزدگی دوبارہ جیتنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رائے عامہ کے کئی جائزوں سے ظاہر ہوا ہے کہ رومنی کو ری پبلیکن پارٹی کی نامزدگی جیتنے کے خواہش مند کئی دوسرے امیدواروں کے مقابلے میں معمولی برتری حاصل ہے اور ہر پانچ میں سے تقریباً ایک رائے دہندہ نے ان کی حمایت کی ہے۔

وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا باقاعدہ اعلان شمال مشرقی ریاست ہمپشائر میں کریں گے جہاں اگلے سال کے شروع میں نامزدگی کے فیصلے کے لیے ری پبلیکن پارٹی کے اہم انتخابات ہوں گے۔

رومنی ریاست میساچوسٹس کے گورنر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں صحت کی دیکھ بھال کا ایک جامع منصوبہ متعارف کرایاتھا ۔ ان کے قانون کو سامنے رکھتے ہوئے صدر اوباما نے پچھلے سال کانگریس سے قومی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کا مسودہ منظور کرایا تھا۔

ری پبلیکن پارٹی کے اکثر ارکان صدر اوباما کی صحت عامہ کے قانون کے خلاف ہیں جس کے تحت شہریوں کو ہیلتھ انشورنس خریدنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جب کہ ایساہی قانون میساچوسٹس کی ریاست میں نافذ ہے۔

XS
SM
MD
LG