رسائی کے لنکس

20 ہزار سے زائد مسلمانوں کا امریکی تفریحی پارک میں اجتماع


امریکی مسلمان ہر سال مختلف ریاستوں میں منعقد ہوالے اس سالانہ فیملی ڈے میں بھرپور دلچسپی کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، جس کا مقصد، بقول منتظمین، امریکہ میں خاندانی نظام کو استحکام بخشنا ہے

امریکی ریاست نیوجرسی کے وسیع و عریض تفریحی مرکز ’سکس فلیگ‘ میں منعقدہ سالانہ مسلم فیملی ڈے میں 20000 سے زائد امریکی مسلمانوں نے شرکت کی اور اپنے ثقافتی ماحول میں سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوئے۔

امریکی مسلمان ہر سال مختلف ریاستوں میں منعقد ہونے والے اس سالانہ فیملی ڈے میں بھرپور دلچسپی کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، جس کا مقصد، بقول منتظمین، ’امریکہ میں خاندانی نظام کو استحکام بخشنا ہے‘۔

اس حوالے سے سال کا سب سے بڑا اجتماع نیوجرسی کے سکس فلیگ میں منعقد ہونے والے فیملی ڈے کے دوران دیکھنے میں آیا، جہاں دو سال کے بچے سے لے کر 85 سال کے بوڑھے تک اس سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔

سکس فلیگ کے ماحول میں لاؤڈ اسپیکر پر جا بجا نعت خوانی اور قرآت سنائی جاتی رہی، جبکہ نماز کے اوقات میں پورا سکس فلیگ اذان کی اواز سے گونج اٹھا جس کے بعد باجماعت نماز ادا کی گئی، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، ان میں خواتین، بچے اور بوڑھے سبھی شامل تھے۔

فیملی ڈے میں شریک معروف امریکی امام عبدالمالک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مختلف رنگ و نسل اور علاقوں سے تعلق رکھنے والی مسلم کمیونٹی کا اتنا متنوع اجتماع کہیں اور نہیں ہوتا جس میں ایک مسلم خاندان کا ماحول نظرآتا ہو۔

پروگرام کے منتظمین، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے مرکزی رہنما، حامد صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم اس پروگرام کی مدد سے مسلم کمیونٹی کو امریکی معاشرے کا فعال حصہ بنانا چاہتے ہیں اور ان کے متعلق اس تاثر کو رد کرتے ہیں کہ مسلمان صحت مند تفریح سے عاری ہوتے ہیں۔

سکس فلیگ کے اس تفریحی پروگرام میں شریک زیادہ تعداد نوجوان تھے جن کا کہنا تھا کہ کسی ایک جگہ اتنی بڑی تعداد میں متنوع مسلم کمیونٹی کا جمع ہو کر تفریح میں شامل ہونا ان کے لئے کمیونٹی کا حصہ ہونے پر افتخار کا باعث بنتا ہے، جس میں مقامی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG