رسائی کے لنکس

کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی معطل، سیٹھی کو کام سے روک دیا گیا


نجم سیٹھی
نجم سیٹھی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجم سیٹھی سمیت کمیٹی کے پانچ ارکان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں اپنا جواب داخل کروانے کی ہدایت کی۔

پاکستان کی ایک عدالت نے ملک کے کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری کمیٹی کو معطل کرتے ہوئے بورڈ کے نگراں سربراہ نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی نے منگل کو یہ فیصلہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سنایا۔

مئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کے انتخاب کو عدالت نے کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد سینیئر صحافی نجم سیٹھی کو نگران چیئرمین مقرر کیا گیا۔ عدالت نے انھیں تین ماہ میں بورڈ کے چیئرمین کے لیے انتخاب کروانے کا حکم دیا تھا۔

لیکن نگران چیئرمین یہ انتخابات کروانے میں ناکام رہے جب کہ کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف نے بورڈ کے معاملات چلانے کے لیے ایک عبوری کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

منگل کو عدالت نے اس کمیٹی کو بھی معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی سمیت کمیٹی کے پانچ اراکین کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں چار ہفتوں میں عدالت میں جواب داخل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

عدالتی فیصلے میں سابق جج منیر اے شیخ کو کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG