رسائی کے لنکس

مالی کے وزیر اعظم مستعفی ہوگئے


مالی میں اسلام پسندوں کے قبضے کے خلاف مظاہرہ(فائل)
مالی میں اسلام پسندوں کے قبضے کے خلاف مظاہرہ(فائل)

فوج کے ایک ترجمان باکرے ماریکو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مسٹر دیارا کو جانا ہی تھا کیونکہ وہ اداروں کا راستہ روک رہے تھے۔

مالی کے عبوری وزیر ا عظم شیخ مودیبو دیارا نے، اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مستعفی ہونے سے چند گھنٹے قبل فوج نے انہیں اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ ملک چھوڑنے کی تیاری کررہے تھے۔

مسٹر دیارا نے ٹیلی ویژن پر اپنے مختصر بیان میں استعفی ٰدینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ملک میں قیادت کے بحران کے سبب لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے جس پر وہ عوام سے معافی کے طلب گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ امن کی خاطر اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور اپنی حکومت برطرف کررہے ہیں۔

بعد ازاں فوج کے ایک ترجمان باکرے ماریکو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مسٹر دیارا کو جانا ہی تھا کیونکہ وہ اداروں کا راستہ روک رہے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ مسٹر دیارا اور عبوری صدر دیونکوندا تراؤر کسی چیز پر راضی ہی نہیں ہورہے تھے۔

یورپی یونین کا کہناہے کہ اس تبدیلی کے باوجود مالی میں فوجی تربیتی مشن بھیجنے کے منصوبوں پر پیش رفت جاری رہے گی۔ لیکن یورپی یونین نے نئے وزیر اعظم کی جلداز جلد تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ صورت حال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

توقع ہے کہ یورپی یونین مالی کی فوج کی تربیت اور تنظیم نو میں مدد کے لیے تقریباً ڈھائی سو ماہرین بھیجے گا، تاکہ فوج کی کمزوریاں دور کرکے اسے ملک کے شمالی حصوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے قابل بنایا جاسکے، جہاں اسلامی عسکریت پسند قابض ہیں۔
XS
SM
MD
LG