رسائی کے لنکس

ایپل کا 50 لاکھ گھڑیوں کی تیاری کا آرڈر: رپورٹ


ایپل کے سربراہ ٹم کک 'ایپل واچ' کی لانچنگ کا اعلان کر رہے ہیں (فائل)
ایپل کے سربراہ ٹم کک 'ایپل واچ' کی لانچنگ کا اعلان کر رہے ہیں (فائل)

'آئی فون' اور 'آئی پیڈ' بنانے والی 'ایپل' اپنی اس نئی پراڈکٹ کو رواں سال اپریل میں لانچ کرے گی

ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف ٹیکنالوجی فرم 'ایپل' نے سپلائرز کو پہلی سہ ماہی کے دوران اپنی نئی پراڈکٹ 'ایپل واچ' کے 50 سے 60 لاکھ پیس تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اخبار 'وال اسٹریٹ جرنل' نے بدھ کو اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 'ایپل واچ' تیار کرنے کا سب سے بڑا ٹھیکہ تائیوان کی 'کوانتا کمپیوٹر کارپوریشن' کے پاس ہے جو رواں سال کے آغاز ہی سے بڑے پیمانے پر دستی گھڑی تیار کر رہی ہے۔

'آئی فون' اور 'آئی پیڈ' بنانے والی 'ایپل' اپنی اس نئی پراڈکٹ کو رواں سال اپریل میں لانچ کرے گی جس کےلیے، اخبار کے مطابق، تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

'وال اسٹریٹ جرنل' نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ چین کے شہر چانگ شو میں قائم 'کوانتا' کی فیکٹری میں نئے چینی سال کی حالیہ تعطیلات کے دوران بھی ہزاروں کارکن اور مزدور 'ایپل واچ' کی تیاری میں مصروف رہے تاکہ لانچنگ سے قبل اتنے بڑے آرڈر کو پورا کیا جاسکے۔

اخبار کے مطابق 'ایپل' کی جانب سے اپنے مینو فیکچرز کو لانچنگ کے بعد پہلی سہ ماہی کے دوران ہی 50 سے 60 لاکھ گھڑیاں تیار کرنے کے آرڈر سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی کو اپنی اس نئی پراڈکٹ کے ہاتھوں ہاتھ لیے جانے کا پورا یقین ہے۔

اس سے قبل 'ایپل' کے 'آئی فون' اور 'آئی پیڈ' کا ہر نیا ماڈل پچھلے ماڈلز سے کہیں زیادہ تعداد میں فروخت ہونے کے ریکارڈ بناتا رہا ہے۔

'وال اسٹریٹ جرنل' نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے مینو فیکچرز کو ملنے والے آرڈر کا نصف سے زائد گھڑی کے ابتدائی ماڈل کا ہے جسے 'ایپل واچ اسپورٹ' کا نام دیا گیا ہے۔

کل آرڈر کا ایک تہائی درمیانے درجے کے ماڈل 'ایپل واچ' کی تیاری کا ہے جب کہ جدید ترین فیچرز کی حامل اور نسبتاً مہنگی 'ایپل واچ ایڈیشن' پہلی سہ ماہی میں کم تعداد میں تیار کی جارہی ہے۔

لیکن، اخبار کے مطابق، 'ایپل' نے دوسری سہ ماہی میں 18 قیراط سونے سے سجی 'ایپل واچ ایڈیشن' کی ماہانہ پروڈکشن 10 لاکھ تک لے جانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

'ایپل واچ' کی قیمت 349 ڈالر سے شروع ہوتی ہے اور صارفین اس گھڑی کے ذریعے ٹیلی فون کالز اور پیغامات موصول کرنے کے علاوہ موسیقی بھی سن سکتے ہیں۔

'ایپل' کا کہنا ہے کہ یہ گھڑی مختلف مصنوعات کی خریداری کے لیے بطور ڈیجیٹل بٹوہ بھی استعمال کی جاسکتی ہے جب کہ اس میں نصب سینسرز کے ذریعے دل کی دھڑکن بھی مانیٹر کی جاسکے گی۔

XS
SM
MD
LG