رسائی کے لنکس

سری لنکن فاسٹ بالر ملنگا کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


سری لنکن فاسٹ بالر ملنگا کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
سری لنکن فاسٹ بالر ملنگا کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سری لنکن فاسٹ بالر لسیتھ ملنگا نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم وہ ٹوئنٹی20 اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی بالنگ کے جوہر دکھاتے رہینگے۔

30 ٹیسٹ میچ کھیل کر 101 وکٹیں حاصل کرنے والے ملنگا نے ٹیسٹ فارمیٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان جمعہ کے روز ایک بیان میں کیا۔

اپنے بیان میں 27 سالہ سری لنکن بالر کا کہنا تھا کہ وہ ایک روزہ میچوں کیلیے خود کو مکمل طور پر فٹ تصور کرتے ہیں تاہم ان کےبقول "اپنے داہنے گھٹنے کی دیرینہ تکلیف کے باعث مجھے کچھ تکلیف دہ فیصلے کرنے پڑرہے ہیں"۔

واضح رہے کہ ملنگا سری لنکن ٹیم کے فروری 2008ء میں ہونے والے دورہ آسٹریلیا کے دوران گھٹنے پر چوٹ آنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے جس کے نتیجے کے طور پر انہیں 16 ماہ تک ایک روز ہ کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا۔

اپنے بیان میں ملنگا کا کہنا تھا کہ ان کے گھٹنے کی چوٹ انتہائی شدید نوعیت کی تھی جس کے باعث ان کے ڈاکٹرز کا اب بھی انہیں یہ مشورہ ہے کہ وہ زیادہ عرصے تک لگاتار فیلڈنگ یا بالنگ سے گریز کریں ورنہ ان کی تکلیف شدت اختیار کرسکتی ہے۔

ملنگا ان دنوں ممبئی انڈینز کی جانب سے بھارت میں جاری 'انڈین پریمیئر لیگ' کھیلنے میں مصروف ہیں اور آئی پی ایل کے بعد خود کو آرام دینے کیلیے انہوں نے ایونٹ کے بعد ہونے والے سری لنکن ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں شرکت سے بھی معذرت کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بلاتعطل کرکٹ کھیلتے رہنے سے وہ مستقل تکلیف میں مبتلا ہوسکتے ہیں جس کے باعث وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر رہے ہیں تاکہ آئندہ سال ہونے والے ٹوئنٹی20 کپ اور 2015ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرسکیں۔

XS
SM
MD
LG