رسائی کے لنکس

’دھوم تھری،‘ 400 کروڑ کما کر کئی ریکارڈ توڑ ڈالے


15 دنوں میں دنیا بھر میں 413.42 کروڑ کا بزنس کرنے والی ’دھوم 3‘ کا ریکارڈ توڑنا کسی بھی فلم کے لئے آسان نہیں ہوگا۔ اب تک فلم کی پرفارمنس زبردست ہے۔

’دھوم مچالے دھوم‘ کے بول لکھنے والے نے شاید کبھی یہ سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ’دھوم سیریز‘ کی فلمیں صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں دھوم مچا کر کئی ریکارڈ توڑ ڈالیں گی۔

پاکستانی، بھارتی اوردیگر ممالک کی میڈیا رپورٹس کہہ رہی ہیں کہ عامر خان اسٹارر ’دھوم 3‘ کی باکس آفس پر حکمرانی تیسرے ہفتے بھی جاری ہے اور کوئی بھی دوسری فلم اس کے سامنے ابھی تک نہیں ٹک سکی ہے۔ اس فلم کی ریلیز سے پہلے کی گئی تمام پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔ تیسرے ہفتے میں فلم کے ہندی، تامل اور تیلگو ورژن نے 3.5کروڑ روپے کما لئے ہیں۔

یہ بے مثال کامیابی صرف ’گھر‘ یعنی ڈومیسٹک باکس آفس تک ہی محدود نہیں بلکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی ’دھوم 3‘ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ فلم نے اب تک کی تمام اوورسیز فلموں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن کر ابھری ہے۔ اوور سیز مارکیٹ میں امریکا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ جیسے اہم باکس آفسز شامل ہیں۔

فلمی ٹریڈ کے ماہر تجزیہ کار ترون آدرش نے ’دھوم 3‘ کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے کہ فلم نے صرف دو ہفتوں میں اوورسیز باکس آفس پر تقریباً 149.7 کروڑ کا بزنس کیا۔ ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں ریلیز ہونے والی دھوم 3 کی تین ہفتوں کی کمائی 260.45 کروڑ رہی جس کے بعد اسے ’آل ٹائم بلاک بسٹرفلم ‘ کا اعزاز بھی مل گیا ہے۔

مشہور بھارتی میگزین ’انڈیا ٹوڈے‘ کا کہنا ہے کہ 15دنوں میں دنیا بھر میں 413.42 کروڑ کا بزنس کرنے والی ’دھوم 3‘ کاریکارڈ توڑنا کسی بھی فلم کے لئے آسان نہیں ہوگا۔

ڈومیسٹک باکس آفس پر ’ڈیڑھ عشیقہ‘ اور ’یاریاں ‘ کی ریلیز کے بعد شاید ’دھوم 3‘ کے بزنس پر تھوڑا بہت فرق پڑے لیکن اب تک فلم کی پرفارمنس زبردست ہے۔

دھوم سیریز کا تیسرا سیکوئل ’دھوم 3‘ یش راج بینر کی پیشکش ہے جبکہ فلم کی کاسٹ میں عامر خان کے علاوہ کترینہ کیف اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG