رسائی کے لنکس

ممبئی حملوں میں زندہ بچ جانے والے واحد حملہ آور کو بھارت کے خلاف جنگ سمیت مختلف سنگین جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

بھارت کی سپریم کورٹ نے ممبئی حملوں میں زندہ بچ جانے والے واحد حملہ آور اجمل قصاب کو سنائی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا ہے۔

اجمل قصاب نے اپنی سزا کے خلاف ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں ایک اپیل دائر کر رکھی تھی، جس پر فیصلہ بدھ کو سنایا گیا۔

اجمل قصاب اُن 10 حملہ آوروں میں سے ایک ہے جنھوں نے نومبر 2008ء میں بھارتی شہر ممبی کے ہوٹلوں، ایک یہودی عبادت گاہ اور ریلوے اسٹیشن پر حملے کیے تھے جن میں مجموعی طور پر 166 افراد مارے گئے۔

بھارت کی ایک ذیلی عدالت نے اجمل قصاب پر قتل، بھارت کے خلاف جنگ اور دہشت گردی کے جرائم ثابت ہونے پر اُسے سزائے موت سنائی تھی جسے ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔

ممبئی حملوں میں ملوث 10 حملہ آوروں میں سے صرف اجمل قصاب ہی زخمی حالت میں زندہ پکڑا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر جرم کا اعتراف کرنے کے بعد اجمل قصاب عدالت میں دیے گئے اپنے بیان سے منحرف ہو گیا تھا۔

بھارت نے ممبئی حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پر عائد کی تھی۔ پاکستانی حکومت نے بھی ممبئی حملوں کے ایک مبینہ منصوبہ ساز ذکی الرحمن لکھوی سمیت سات افراد کو حراست میں لے کر اُن کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG