رسائی کے لنکس

فلم دبنگ کی نمائش سے پاکستانی سنیماہالز کے ویرانے دور ہوگئے


سلمان خان کی نئی فلم دبنگ پاکستان میں ریلیزہو گئ
سلمان خان کی نئی فلم دبنگ پاکستان میں ریلیزہو گئ

جب سے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی باقاعدہ اجازت ملی ہے ہر عید پر بھارتی فلمیں ریلیز کرنے والوں کی چاندی ہوجاتی تھی مگراس بار حکومت نے عید پر کسی بھی بھارتی فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی تھی جس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ سنیما ہالز میں ایک مرتبہ پھر فلم بینوں کا قحط پڑگیا۔

عید کے اگلے ہی ہفتے سلمان خان کی نئی فلم دبنگ ریلیز ہوئی جس نے ایک مرتبہ پھر فلم شائقین کو سنیما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا بلکہ اس وقت یہ حال ہے کہ دبنگ باقی فلموں پر بازی لے گئی ہے۔

دبنگ کی ہدایات دی ہیں خود سلمان خان کے چھوٹے بھائی ارباز خان نے ۔ فلم کی کہانی ایک پولیس انسپکٹر کے گرد گھومتی ہے ۔ انسپکٹر کا کردار سلمان خان نے ادا کیا ہے ۔ ناقدین کے مطابق فلم کے بعض ڈائیلاگ قابل اعتراض ہیں ۔ یہ مصالحہ فلم ہے اور مصالحہ فلمیں عموماًجس طرح کی ہوتی ہیں یہ بھی بالکل ویسی ہی فلم ہے۔ یعنی عشق محبت ، ڈانس، گانے اور مار دھاڑ۔

پاکستان میں چالیس سال تک بھارتی فلموں کی نمائش پر مکمل پابندی لگی رہی جس کے بعد سابق صدر پرویز مشرف نے تین سال پہلے بھارتی فلموں کی نمائش کھول دی جس کے بعد پاکستانی فلم بینوں نے بھی بڑی تعداد میں سنیما گھروں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے ورنہ شہر کے بے شمار سنیماہالز توڑ کر شاپنگ پلازہ بنادیئے تھے۔

پاکستان فلموں کی صنعت میں مقابلے کی فضاء نہ ہونے کے سبب یہاں زیادہ تر مقامی فلمیں ہی بنتی ہیں۔ مقامی افراد فلمی صنعت میں ناکامی کے ڈر سے سرمایہ کاری نہیں کرتے اور محدود پیسے سے اچھی فلم بنانا یا بھارت کے مقابلے میں آنا ناممکن ہے۔ گو کہ اس بات کو چیلنج سمجھتے ہوئے پاکستانی سنیما کے احیاء کے لئے بہت سے اقدامات کئے گئے ، بڑے پیمانے پر سرمایہ بھی لگایا گیا مگر سب بے سود ثابت ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں انڈین مصالحہ فلمیں بھی کامیابی کے ریکارڈ توڑ رہی ہیں۔ دبنگ نے بھارت میں سب سے کم وقت میں سب سے زیادہ منافع کرنے کا ریکارڈ توڑا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان میں بھی یہ ریکارڈ ٹوٹتا ہے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG