رسائی کے لنکس

رواں سال یکم شعبان کو ’غسل کعبہ‘ کی تقریب نہیں ہوگی: ذرائع


فائل
فائل

بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی کاموں کی وجہ سے، مطاف کی جگہ تنگ ہوگئی ہے جبکہ اس وقت بیرون ملک سے عمرے کی ادائیگی کے لئے آنے والے معتمرین کا بھی بہت زیادہ رش ہے۔ شعبان اور رمضان میں رش مزید بڑھ جائے گا۔ لہذا، کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لئے غسل کعبہ کی تقریب منعقد نہیں ہوگی

سعودی عرب کے شہر مکہ میں واقع خانہ کعبہ میں یکم شعبان کو ’غسل کعبہ‘ کی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔ کعبہ کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس کے مطابق یہ فیصلہ مسجد الحرام میں پچھلے کئی مہینوں سے جاری تعمیراتی منصوبوں کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

جدہ میں مقیم سینئر صحافی شاہد نعیم نے ’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندے کو بتایا کہ ’زیرتکمیل تعمیراتی کاموں کی وجہ سے مطاف کی جگہ تنگ ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت بیرون ملک سے عمرے کی ادائیگی کے لئے آنے والے معتمرین کا بھی بہت زیادہ رش ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ’اس رش میں اسلامی مہینوں شعبان اور رمضان میں حد درجہ اضافہ ہوجاتا ہے لہذا عمرہ زائرین کی سہولت اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لئے اس بار یکم شعبان کو غسل کعبہ کی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔‘

گزشتہ سال غسل کعبہ کی سالانہ تقریب کو دیکھنے کے لئے انگنت معتمرین اور زائرین سے مطاف کی جگہ بری طرح گھر گئی تھی، جبکہ متعدد افراد کے مختلف سمت سے تعمیراتی سیڑھیوں پر چڑھنے سے کئی حادثات بھی پیش آئے تھے جس کے بعد اس سال یکم شعبان کو غسل کعبہ کی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خانہ کعبہ کو ہر سال یکم محرم اور یکم شعبان کو غسل دیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں ایک بڑی تقریب رونما ہوتی ہے، جسے بلواستہ اور بلاواسطہ لاکھوں، کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG