رسائی کے لنکس

پولیو سے بچاؤ کی مہم کو موثر بنانے پر زور


وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ قبائلی علاقوں سے شہروں کی جانب آنے والے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔

اسلام آباد میں جمعہ کو ایک خصوصی تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعظم گیلانی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ پولیو کا وائرس قبائلی علاقوں کے بعض حصوں تک ہی محدود ہے اس لیے تمام قبائلی ایجنیسوں کی سرحدوں پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیمیں تعینات ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی آئندہ ملک گیر مہم 23 اپریل سے شروع کی جائے گی جس کے تحت ملک بھر میں تین کروڑ 34 لاکھ سے زائد بچوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے اور عالمی سطح پر اس کا شکار ہونے والے کل بچوں میں سے نصف پاکستانی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت ’ڈبلیو ایچ او‘ کے عہدے دار بھی خیبر پختون خواہ کے شورش زدہ اضلاع اور قبائلی علاقوں میں انسداد پولیو کی مہم میں مشکلات پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں ستمبر 2009ء کے بعد سے اب تک پولیو کے خاتمے کی مہم کے تحت پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے نہیں پلائے جا سکیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG