رسائی کے لنکس

افغانستان : طالبان کے ساتھ مذاکرات کے جلد آغاز کا عندیہ


فائل
فائل

عبداللہ عبداللہ نے وعدہ کیا کہ وہ مذاکرات کے آغاز اور اس میں پیش رفت سے متعلق افغان قوم کو آگاہ رکھیں گے۔

افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ ان کی حکومت کے امن مذاکرات جلد شروع ہوں گے۔

پیر کو دارالحکومت کابل میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے افغان عوام کو یقین دلایا کہ مذاکرات کا مقصد ملک کی فلاح ہے اور ان میں افغانستان کے قومی مفادات کو مقدم رکھا جائے گا۔

انہوں نے کابینہ سے وعدہ کیا کہ وہ مذاکرات کے آغاز اور اس میں پیش رفت سے متعلق افغان قوم کو آگاہ رکھیں گے۔

اپنے خطاب میں افغان رہنما نے کہا کہ افغان عوام کی اکثریت ملک میں پائیدار امن چاہتی ہے اور، ان کے بقول، انہیں امید ہے کہ طالبان کےساتھ مذاکرات کے آغاز سے اس جانب پیش رفت ممکن ہوسکے گی۔

عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ مذاکرات میں اس پیش رفت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جو افغانستان نے گزشتہ 13 برسوں کے دوران کی ہے۔

گزشتہ کئی روز سے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں افغان طالبان کی جانب سے امریکہ اور افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے پر آمادگی کی خبریں آرہی ہیں لیکن تاحال کسی فریق نے بھی اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔

اپنے خطاب میں عبداللہ عبداللہ نے ان اطلاعات کی تصدیق کی کہ افغان حکام طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تیاریاں کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اس بارے میں بتانے سے گریز کیا کہ یہ مذاکرات کب اور کہاں ہوں گے۔

افغان طالبان کا موقف رہا ہے کہ وہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا تک کسی کے ساتھ بھی امن مذاکرات نہیں کریں گے۔

لیکن حال ہی میں سامنے آنے والے ایک بیان میں طالبان نے کہا تھا کہ وہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کی خیرمقدم کرتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کےلیے اپنی سیاسی اور عسکری جدوجہد جاری رکھیں گے۔

XS
SM
MD
LG