رسائی کے لنکس

مکلی : تاریخی قبرستان کی تباہی

مکلی! ٹھٹھہ ، سندھ کے قریب واقع ایک چھوٹا سا علاقہ جو تاریخی قبرستان کے حوالے سے دنیا بھرمیں مشہور ہے ۔ یہاں سندھ کے سابق حکمرانوں کی قبریں ہیں۔ یہ قبرستان چھ مربع میل سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس سے ماضی کی چار سو سال پرانی ایک عظیم تہذیب وابستہ ہے۔ اس میں چودھویں صدی سے اٹھارویں صدی تک کے مقبرے اور قبریں موجود ہیں۔ ان مقابر میں مغل سردار طغرل بیگ، جانی بیگ، جان بابا، باقی بیگ ترخان،سلطان ابراہیم اور ترخان اول جیسے علماء،سردار اور دیگر لوگ سالوں سے محو خواب ہیں۔ یہ مسلم دنیا کا سب سے بڑا قبرستان ہے جو تقریباًچھ مربع میل پر محیط ہے۔اس قبرستان میں مغل،ترخان اور سمہ دور کی قبریں موجود ہیں ۔ ان مقابر پر انتہائی نفیس انداز میں قرآنی آیات اور خوبصورت نقش و نگار کندہ ہیں۔وہ قبریں جو کسی سردار یا کسی بزرگ کی ہیں ان پر خوبصورت مقبرے تعمیر ہیں۔مقابرکی تعمیر میں سندھی ٹائلوں اور سرخ اینٹوں کا استعمال ہواہے۔مزارات میں سرخ اینٹوں سے گنبدبھی بنائے گئے ہیں۔ قبروں کے تعویز اور ستونوں پر اتنا خوبصورت کام کیا گیا ہے کہ دیکھنے والا کاریگروں کی صناعی کی داد دئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ لیکن مکلی کی یہ خوبصورتی مسلسل نا قدری اورعدم توجہ کے باعث روبہ زوال ہے۔ اب اس کے درو دیوار، گنبد، ممبر و محراب سب زبردست ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ زیادہ تر قبروں کے تعویز اور ستون بڑے گھروں کے ڈرائنگ روموں اور باغیچوں کی زینت بن گئے ہیں۔صرف چند قدیم قبریں اور مزارات باقی رہ گئے ہیں ورنہ زیادہ تر زمیں بوس ہو گئے اور اپنے نام و نشان سے بھی بے بہرا ہوگئے ہیں۔ اس قبرستان کی زبوں حالی اور تباہی کو کیمرے کی آنکھ سے دکھا رہے ہیں ہمارے نمائندے وسیم اے صدیقی۔ یہ تصاویر آپ کو کیسی لگیں اس سلسلے میں ہمیں اپنے تبصروں سے ضرور آگاہ کیجئے گا۔


مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG