رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: کالعدم تنظیم کےدو کارکنوں کو سزائے قید


بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ملک کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کے الزام میں ایک کالعدم اسلام پرست تنظیم کے دو ارکان کو طویل مدت کی سزا سنائی ہے۔

جج محمد رسول اسلام نے بدھ کے روز دارالحکومت ڈھاکہ میں مقدمے کی سماعت کے بعد دونوں افراد کو 50 سال قید کی سزا دی۔

سزاپانے والے دونوں افراد ایک کٹڑ اسلامی تنظیم جمعت المجاہدین بنگلہ دیش کے رکن ہیں۔اس تنظیم کا مقصد ملک میں اسلامی قوانین کا نفاذ ہے۔

ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے 2005ء میں شمالی بنگلہ دیش میں تنظیم کے ایک راہنما کی تلاش میں ایک گھر پر سیکیورٹی فورسز کے چھاپے کے وقت ان پربموں سے حملہ کیاتھا۔اس حملے میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہواتھا۔

کالعدم تنظیم بنگلہ دیش میں اگست 2005ء میں ملک گیر پیمانے پر دہشت پھیلانے کی بھی ذمہ دار ہے۔ان حملوں میں، جن کانشانہ جج، قانون دان ، صحافی اور سیاست دان تھے، کم ازکم 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

بدھ کے روز پولیس نے کہا کہ اس نے شمالی ضلع بوگرہ میں منگل کے روز ایک چھاپے کے دوران جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش کے قائمقام راہنماا نور عالم کو گرفتار کرلیا ۔

XS
SM
MD
LG