رسائی کے لنکس

برطانوی اسکولوں میں انسداد دہشت گردی پروگرام سے متعلق خدشات


اس پروگرام کے تحت خاص طور پر اسکولوں پر یہ ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ طلبہ میں بنیاد پرستی کی نشانیوں کی رپورٹ کریں۔

برطانیہ کے میں انسداد دہشت گردی کے ایک نگران ادارے نے حکومت سے اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کے لیے ایک آزاد جائزے کا مطالبہ کیا ہے۔

دہشت گردی کے نگراں ادارے نے انسداد دہشت گردی پروگرام 'پریونٹ' کی کامیابی کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ انتہا پسندوں کا پتا چلانے کی نئی حکمت عملی مسلمان برادریوں کو بدگمان اور ان میں خوف پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہے۔

حکومت نے پچھلے سال انتہا پسندی کے نظریے کی روک تھام کے لیے ایک حکمت عملی کا آغاز کیا ہے تاکہ ایسے افراد کا پتا چلایا جا سکے، جن میں انتہا پسندی کا رجحان پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

اس پروگرام کے تحت خاص طور پر اسکولوں پر یہ ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ طلبہ میں بنیاد پرستی کی نشانیوں کی رپورٹ کریں۔

یہ قانون برطانوی مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہا ہے جس کی وجہ سے تلخیاں اور بد اعتمادی کی فضا پیدا ہوئی ہے۔

اخبار گارڈین کے مطابق ،دہشت گردی کے قوانین پر آزاد تجزیہ کار ڈیوڈ اینڈرسن نے وزارت داخلہ کی منتخب کمیٹی کے پاس ایک تحریری درخواست جمع کرائی ہے،

انھوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کی روک تھام کی حکمت عملی غیر موثر ہے، جسے بے حسی کے ساتھ امتیازی انداز میں لاگو کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے لکھا کہ میرا خیال ہے کہ پریونٹ کو ایک آزاد جائزے سے فائدہ پہنچے گا۔

انسداد دہشت گردی کے نگراں ادارے کے خدشات کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے، جنھوں نے منگل کے روز ہاؤس آف کامنز کی منتخب کمیٹی میں انکوائری کے حوالے سے ثبوت جمع کرا دیے ہیں۔

مسلمان کمیونٹیز کے ساتھ کام کرنے والے ایک سماجی ادارے ماشا اللہ کے ڈائریکٹر راحیل محمد نے کہا کہ اسکولوں میں پریونٹ پر ایک آزاد جائزے کا مطالبہ، اس کے بدترین نتائج کی طرف ایک اشارہ ہے۔

صالحہ جعفر جو ایف اے ایس ٹی پروگرام کے تحت اسکولوں اور خاندانوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں، کہا کہ حکومت نے اس پروگرام کے لیے اساتذہ کو تربیت نہیں دی ہے، اسی لیے اس کے نتائج بہت سطحی اور الٹے نکل سکتے ہیں ۔

پریونٹ حکومت کی مجموعی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے۔ جس کا مطلب انتہا پسندی کی نشانیوں کے حوالے سے ایک فرد یا گروپ کی شناخت کرنے میں پولیس اور سیکیورٹی ایجینسیوں کی مدد کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG