سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76 ہو گئی
پاکستان کے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد اس کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق تفتان سے سکھر آنے والے 50 افراد میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اُن کے بقول، 25 مریضوں کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ تمام مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
خلیجی ممالک میں پابندیاں مزید سخت
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور قطر میں کرونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ چھ ملکوں پر مشتمل خلیجی ملکوں کے اتحاد گلف کوآپریشن کونسل میں مجموعی طور پر کرونا وائرس کے 963 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں تاہم اب تک اس وائرس سے وہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
سعودی عرب اور قطر نے تمام غیر ملکی مسافر پروازوں کا ملک میں داخلہ بند کر دیا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات اور قطر نے انٹری ویزا بھی محدود کر دیا ہے۔ اماراتی ایئرلائن نے بھی متعدد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
سعودی عرب نے اتوار کو تمام عوامی مقامات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ بیشتر سرکاری اداروں میں کام بھی روک دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں اب تک 118 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام مالز، ریستوران، کافی کی دکانیں اور پارکس بند رہیں گے تاہم اس کا اطلاق سپر مارکیٹس، فارمیسز اور گھروں پر کھانا فراہم کرنے والے اداروں پر نہیں ہو گا۔
قطر نے اعلان کیا ہے کہ منگل سے ملک میں غیر ملکیوں کا داخلہ بند ہو گا اور اس پابندی کا اطلاق آئندہ دو ہفتوں کے لیے ہو گا۔ قطر میں اب تک کرونا وائرس کے 401 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
عمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں صرف گلف کوآپریشن کونسل کے شہریوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ عمان نے جمعے کی نماز سمیت شادی کی تقریبات اور پارکوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی میں سنیما، ویڈیو گیمز، جمز اور پارکس اور سپر مارکیٹس بند رہیں گی۔ ابوظہبی کی سیکیورٹی ایکسچینج بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں عوامی اجتماع پر پابندی
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے 500 افراد کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم اس کا اطلاق اسکولوں اور یونیورسٹیوں پر نہیں ہو گا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پاسداری کرے۔
نیویارک اور لاس اینجلس میں ریستوران اور تھیٹر بند
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے امریکہ کے دو شہروں نیویارک اور لاس اینجلس میں بارز، ریستوران، تھیٹرز اور سینما گھروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو نے اتوار کو اپنے حکم نامے میں کہا کہ ریستوران، بارز اور کیفے صرف گھروں میں ڈیلیوری فراہم کریں گے جب کہ نائٹ کلبس، فلم تھیٹرز اور کنسرٹ کے مقامات بند رہیں گے۔ اسی طرح کا اعلان لاس اینجلس کے میئر ایرک گیرسیٹی نے بھی کیا ہے۔