کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے بیٹھنے کی بینچز ہٹا لی گئیں
ایوی ایشن ڈویژن کی ہدایت پر سول ایوی ایشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں مسافروں کے بیٹھنے کے لیے موجود کرسیاں ہٹا لی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔
کرونا وائرس پر افغان طالبان کی تشویش
افغان طالبان نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر افغانستان کی جیلوں میں قید طالبان قیدیوں کی مناسب دیکھ بھال کا مطالبہ کیا ہے۔
طالبان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اُنہیں جیلوں میں قید اپنے ساتھیوں کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ لہذٰا صحت کی عالمی تنظیمیں اور دیگر ادارے ان قیدیوں کا اس وائرس سے تحفظ یقینی بنائیں۔
طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کی جیلوں میں اس وقت 40 ہزار قیدی ہیں اور انہیں صحت کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں۔
افغانستان کے انسانی حقوق کے کمیشن نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ صحت کے کارکنوں کو اپنے زیر اثر علاقوں میں جانے کی اجازت دیں تاکہ وہ کرونا وائرس ے متعلق آگاہی دے سکیں۔
طالبان کے مطابق کابل انتظامیہ کی جیلوں میں مبینہ طور پر صحت و صفائی کی سہولیات کا فقدان ہے۔ وہاں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں، جو اُن کی صحت کے لیے تشویش اور خطرے کی بات ہے۔
افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا ہے کہ افغان حکومت ملک بھر کی جیلوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی امدادی تنظیم (آئی سی آر سی) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق طالبان کے زیادہ تر قیدی بگرام اور پل چرخی کی جیلوں میں ہیں۔ البتہ جاوید فیصل نے کہا کہ قیدیوں کی صحت کی صورتِ حال سے زیادہ امن عمل کی کامیابی میں طالبان کے حقیقی عزم کی ضرورت ہے۔ جس کا اُن کے بقول فقدان ہے۔
مولانا طارق جمیل کی عمران خان سے ملاقات
مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران کرونا وائرس اور اس کی روک تھام کے لیے مذہبی رہنماؤں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس
کرونا وائرس کے باعث ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین اور عسکری نمائندے موجود تھے جب کہ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔