پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز کے ہمراہ منگل کو نیوز کانفرنس کریں گے جس میں وہ کرونا وائرس اور مذہبی اجتماعات سے متعلق پالیسی بیان کریں گے۔
آسٹریلیا نے نقل و حرکت پر پابندی پر غور شروع کر دیا
آسٹریلیا نے کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد عوامی اجتماع اور نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک پانچ افرادہلاک اور لگ بھگ 400 متاثر ہیں۔ آسٹریلیا کی قومی ایئرلائن قنطاس نے بین الاقوامی پروازیں کم کر دیں، عدالتوں میں سماعتیں منسوخ ہو گئیں اور سڈنی اوپیرا ہاؤس کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔
مختلف ریاستوں کے نمائندوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ 100 افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی جائے۔ اس سے قبل حکومت نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ 500 لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔
آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن منگل کو کابینہ اور ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے ایک اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوں گے جس کے دوران کرونا وائرس کی روک تھام اور پابندیاں مزید سخت کرنے کے معاملے پر غور کریں گے۔
یورپی شہریوں پر سفر پر پابندی
یورپی ملکوں کے رہنماؤں نے شہریوں کے غیر ضروری سفر پر پابندی کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا بتایا جاتا ہے۔
کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر یورپی ملکوں نے پہلے ہی اپنی سرحدیں بند کر رکھی ہیں۔
دنیا بھر میں چین کے بعد یورپی ملک اٹلی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس لگ بھگ سات ہزار افراد کی جانیں لے چکا ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو جنگ سے تعبیر کیا اور کہا کہ شہریوں پر 30 روز کے لیے یورپ سے باہر اور یورپی ملکوں کا سفر کرنے پر پابندی ہو گی۔
قوم سے اپنے خطاب میں میخواں نے کہا کہ تمام شہری منگل کی شام سے 15 روز کے لیے گھروں پر ہی رہیں اور اس دوران تمام سماجی رابطے اور غیر ضروری سفر ترک کر دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پابندی کی خلاف ورزی قابلِ سزا جرم ہو گا۔
ریاست نیوجرسی نے رات کے سفر پر پابندی لگا دی
امریکی ریاست نیوجرسی نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں یکایک 80 کے اضافے کے بعد مزید سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کے تحت رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک غیرضروری سفر پر پابندی لگا دی ہے۔
ریاست کے گورنر نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ وائرس سے بچنے کے لیے سماجی رابطوں میں کمی کریں اور بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔ اور اس سلسلے میں صحت کے حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
نیوجرسی میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 178 ہو گئی ہے۔