نیو جرسی میں کرفیو نافذ
امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں کرونا وائرس کے مزید 80 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
نیو جرسی میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 178 ہو گئی ہے۔ گورنر فل مرفی نے کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ریاست میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
کرونا وائرس: افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین 'یو این ایچ سی آر' نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے احتیاطی اقدامات کے تحت پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں کی بندش کے بعد افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
یو این ایچ سی آر پاکستان کے منگل کو جاری بیان کے مطابق صوبۂ خبیر پختونخوا میں نوشہرہ اور صوبۂ بلوچستان میں کوئٹہ کے قریب قائم رضاکارانہ واپسی کے مراکز کو بند کر دیا گیا ہے۔
یو این ایچ سی آر کے پاکستان میں نائب مندوب لین ہال نے کہا ہے کہ ادارے کی اوّلین ترجیح کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ اس ضمن میں وہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق مارچ 2020 میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل دوبارہ شروع ہونے کے بعد نو خاندانوں کے 28 افراد افغانستان واپس جا چکے ہیں جب کہ 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں۔
پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل فائیو کے دو سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کر دیے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق میچز ملتوی کرنے کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔
لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاالرحمٰن کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر فائنل اور سیمی فائنلز ملتوی کیے گئے ہیں۔ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑی اپنے اپنے ملک روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس کی ویکسین تیار، انسان پر آزمائش
امریکہ کے شہر سیاٹل میں کرونا وائرس کی ویکسین کی پہلی مرتبہ کسی انسان پر آزمائش کی گئی ہے۔ اس آزمائش کے بعد امید پیدا ہو گئی ہے کہ ویکسین کرونا وائرس کی روک تھام میں معاون ثابت ہو گی۔
امریکہ کے محکمہ صحت نے پیر کو بتایا ہے کہ سیاٹل میں پہلی مرتبہ کسی انسان پر کرونا وائرس کی ویکسین کی آزمائش کی گئی ہے جسے ایم آر این اے -1273 کا نام دیا گیا ہے۔
یہ ویکسین امریکی قومی ادارہ برائے صحت این آئی ایچ کے سائنسدانوں اور بائیوٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا کی مشترکہ کوششوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
امریکہ کے محکمہ صحت کے مطابق 18 سے 55 برس کے 45 تندرست افراد نے خود کو رضاکارانہ طور پر ویکسین کے تجربے کے لیے پیش کیا ہے جنہیں لگ بھگ چھ ہفتوں کے دوران ویکسین دی جائے گی جب کہ ایک رضاکار کو ویکسین دی جا چکی ہے۔