کرونا وائرس: 'حکومت سہولتیں دے، لوگ دن دھاڑے لوٹنا شروع نہ کر دیں'
کرونا وائرس کے پیشِ نظر بلوچستان کے سرکاری دفاتر شہریوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ دفاتر اور عدالتیں بند ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ کچھ لوگ یہ خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن سے کہیں اسٹریٹ کرائمز نہ بڑھ جائیں۔ دیکھیے کوئٹہ سے مرتضیٰ زہری کی یہ رپورٹ
ترکی میں کرونا وائرس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ
کرونا وائرس کے باعث بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا خریدنا مسئلہ بن گیا ہے۔ قلت کے ڈر سے لوگ بڑی تعداد میں چیزیں خرید کر گھروں میں ذخیرہ کر رہے ہیں۔ ترکی میں بھی کرونا وائرس کے ڈر سے دکانیں خالی ہونے لگی ہیں اور لوگ قیمتوں میں اضافے کی شکایت کر رہے ہیں۔
- By روشن مغل
پاکستانی کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ، سیاحوں کے داخلے پر پابندی
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آ گیا ہے۔ کشمیر کی حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وادی میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایران سے آنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وائس آف امریکہ کے روشن مغل کے مطابق کشمیر کے وزیرِ اعظم راجہ فاروق حیدر نے وادی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ متاثرہ مریض کشمیر کے علاقے میرپور کا رہائشی ہے جسے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
ادھر کشمیر کی حکومت نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے وادی میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق ملکی و غیر ملکی سیاحوں پر ہو گا۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے بتایا ہے کہ وادی میں عرس، میلے، اور دیگر عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نمازیں بھی اپنے گھروں پر ادا کریں۔
پاکستانی کشمیر سے سندھ اور بلوچستان جانے والی ٹرانسپورٹ بھی بند کردی گئی ہے۔
راجہ فاروق حیدر کے مطابق پاکستانی کشمیر میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کے لیے تین مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات یکم جون تک ملتوی
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے تمام 29 بورڈز اور کیمبرج کے امتحانات یکم جون تک نہیں ہوں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پپریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ تمام بورڈز کے امتحانات یکم جون تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کیمبرج سے بھی درخواست کی ہے کہ امتحانات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز کا سلسلہ شروع کرنے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں تین کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ اگر آن لائن کلاسز شروع کی جائیں تو اس میں تیکنیکی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ اگر اسکول مزید دورانیے کے لیے بند کرنے پڑتے ہیں تو ہم بچوں کو تعلیم دینے کے لیے ٹی وی کے ذریعے تعلیمی مواد نشر کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ امتحانات کا معاملہ اسکول کھلنے یا نہ کھلنے پر نہیں ہو گا۔ بلکہ حالات بہتر ہونے پر امتحانات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز بھی خالی کرانے کا کہا ہے لیکن اس کا اطلاق غیر ملکی طلبہ پر نہیں ہو گا۔ یونیورسٹیوں کے داخلوں میں بھی ایک ماہ کی توسیع دی جائے گی۔
شفقت محمود کے مطابق کلچرل اداروں میں بھی تمام سرگرمیاں محدود اور تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔