پاکستان اور بھارت کے درمیان واہگہ سرحد بند
پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے واہگہ سرحد کو دو ہفتوں کے لیے فوری طور پر بند کر دیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق موجودہ صورتِ حال میں واہگہ سرحد کی بندش پاکستان اور بھارت کے مفاد میں ہے۔
پاکستان میں جمعے کے اجتماعات محدود کرنے کی درخواست
پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ کسبی بھی وبا کی صورت میں حکومتی ہدایات پر عمل شرعی طور پر لازم ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ کونسل نے نماز جمعہ کے اجتماعات محدود کرنے کی تجویز دی ہے۔ لہذٰا خطیب حضرات بھی صرف عربی خطبے پر اکتفا کریں۔
بلوچستان میں مچھلیوں کے شکار کے لیے سمندر جانے والے ماہی گیروں پر پابندی
کرونا وائرس کے پیشِ نظر حکومت بلوچستان نے گوادر میں ماہی گیروں کی نقل و حرکت اور سمندر میں مچھلیاں شکار کرنے پر 15 سے 20 دن تک مکمل پابندی لگا دی ہے۔
گوادر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کی طرف سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں ماہی گیروں کو حکم نامے پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے پاکستان اور ایران کی سرحد 26ویں اور افغانستان کے ساتھ سرحد 15ویں روز بھی بند ہے۔
بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان سے 42 بسوں پر مشتمل قافلہ 1653 زائرین کو لے کر کوئٹہ روانہ ہو گیا ہے۔ ان میں سے بیشتر زائرین کو گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر روانہ کیا جائے گا۔