کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارتی کشمیر لاک ڈاؤن
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے گرمائی صدر مقام سری نگر اور وادی کے چند دوسرے علاقوں میں جزوی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام سری نگر کے گنجان آبادی والے خان یار علاقے سے تعلق رکھنے والی 67 سالہ خاتون کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کی شکار خاتون چند روز قبل ہی عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس پہنچی تھی۔ متاثرہ خاتون کے اہلِ خانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم خان یار میں گھر گھر جا کر لوگوں کا موقع ہی پر طبی معائنہ کر رہی ہے۔
وادی میں کرونا وائرس کا یہ پہلا کیس ہے۔ جس کے بعد پورے علاقے خاص طور پر سری نگر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی پولیس اور نیم فوجی دستے سری نگر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر رہے ہیں۔ پورے ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ سروسز بند کردی گئی ہیں اور لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہے۔
پاکستان ریلوے کا 12 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان ریلوے نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر 22 مارچ سے 12 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید ٹرینیں بھی بند کی جائیں گی۔
وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی یومیہ تعداد دو لاکھ ہے۔ کرونا وائرس کے پیشِ نظر 12 ٹرینیں اتوار سے بند کر رہے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو مزید ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ساری ٹرینیں بند کی جائیں تو ریلوے کے پاس پنشن دینے کے بھی پیسے نہیں بچیں گے۔ وزیرِ ریلوے کے مطابق اسکیننگ کوئی حل نہیں ہے۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے جن ٹیسٹ کی ضرورت ہے، وہ ریلوے کو میسر نہیں ہیں۔
ان کے بقول وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ جن ممالک نے لاک ڈاؤن کیا ہے، وہاں بھی کرونا وائرس ختم نہیں ہوا۔ میرا خیال ہے کہ ملک لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جا رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ موت کا ایک وقت ہے اور جو رات قبر ہے وہ باہر نہیں ہے۔
جاپان کا 'ٹوکیو اولپمکس 2020' منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ
جاپان دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود اولمپک گیمز 2020 ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس کی میزبانی کے لیے پر عزم ہے۔
جاپان کی کابینہ کے چیف سکریٹری یوشی ہدا سوگا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت 24 جولائی سے شروع ہو کر اگست میں ختم ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حکام انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
یوشی ہدا کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خود جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور متعدد ممالک کی معیشتوں کو اس سے شدید نقصان پہنچا ہے
پاکستان اور بھارت کے درمیان واہگہ سرحد بند
پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے واہگہ سرحد کو دو ہفتوں کے لیے فوری طور پر بند کر دیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق موجودہ صورتِ حال میں واہگہ سرحد کی بندش پاکستان اور بھارت کے مفاد میں ہے۔