پاکستان میں ریل سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں کمی
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہر شعبہ متاثر ہے۔ سفری پابندیوں کی وجہ سے ریل سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ بہت مجبوری کی صورت میں سفر کر رہے ہیں ورنہ کرونا وائرس کی وجہ سے ان کا سفر کا کوئی ارادہ نہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 440 سے تجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب تک ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 447 تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی طرف سے کرونا وائرس سے متعلق معلومات کے لیے خصوصی طور پر بنائی گئی ویب سائٹ پر کرونا وائرس کی یہ مصدقہ تعداد ہے۔
اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے دو افراد ہلاک اور پانچ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 117 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے اس وقت سندھ سب سے آگے ہے جہاں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 245 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کرونا مریضوں کی تعداد 23، پنجاب میں 78، بلوچستان میں 81، اسلام آباد میں سات، گلگت بلتستان میں 12 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں یہ تعداد ایک ہے۔
کیلی فورنیا کے شہریوں کو گھروں میں قیام کا حکم
امریکہ میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ریاست کیلی فورنیا کے گورنر نے حکم دیا ہے کہ شہری اپنے گھروں میں ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
گورنر گیون نیوسم نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ چار کروڑ نفوس پر مشتمل ریاست کیلی فورنیا کی آدھی آبادی آئندہ آٹھ ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گورنر گیون کے احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
یاد رہے کہ امریکہ کی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ واپس لوٹ آئیں یا پھر غیر معینہ مدت کے لیے بیرونِ ملک ہی مقیم رہیں۔
سعودی عرب: اندرون ملک پروازیں اور ٹرینیں 14 روز کے لیے معطل
سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر اندرون ملک پروازوں، بسوں، ٹیکسیز اور ٹرینوں کو 14 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک 274 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تاہم اب تک اس وائرس سے سعودی عرب میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی حکام نے جمعے کو اندرونِ ملک سفر پر بھی پابندی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق ہفتے سے ہو گا۔