کراچی: جزوی لاک ڈاؤن سے مسافر پریشان
کراچی میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نے شہری زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ شہر کے بس اڈے بند ہونے سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ البتہ حکومت ان اقدامات کو شہریوں کے مفاد میں قرار دے رہی ہے۔ مزید دیکھیے محمد ثاقب کی ڈیجیٹل رپورٹ۔
پاکستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات، نمازی معمول سے کم
پاکستان میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے اجتماعات ہو رہے ہیں لیکن کرونا وائرس کے پیشِ نظر مساجد میں نمازیوں کی تعداد معمول سے کم دکھائی دے رہی ہے۔
پاکستان کی علما کونسل نے بھی کرونا وائرس کے پیشِ نظر مساجد میں احتیاطی اقدامات کرنے اور لوگوں سے مساجد میں محدود وقت گزارنے کی درخواست کی تھی۔ علما کونسل نے نمازِ جمعہ سے قبل مقامی زبان میں خطبہ نہ دینے اور صرف عربی خطبہ سنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔
گزشتہ روز پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے بھی لوگوں سے یہی درخواست کی تھی۔عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ نوافل عبادات اور وضو گھر سے انجام دے کر مسجد آئیں اور صرف فرض نماز باجماعت ادا کی جائے۔
تاہم جمعے کو نماز کی ادائیگی کے لیے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں اور بعض مساجد میں اردو خطبہ بھی دیا جا رہا ہے۔ البتہ نمازیوں کی تعداد معمول سے کم دکھائی دے رہی ہے۔
نماز جمعہ میں کرونا وائرس سے نجات کی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
تفتان سے زائرین کا قافلہ ملتان کے قرنطینہ مرکز پہنچ گیا
ایران سے لوٹنے والے پاکستانی زائرین کا قافلہ تفتان کے قرنطینہ مرکز سے ملتان پہنچ گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کے رہائشی ان افراد کو ملتان کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم قرنطینہ مرکز میں رکھا جائے گا۔
33 بسوں پر مشتمل اس قافلے میں 1247 زائرین سوار تھے جنہیں 800 سے زائد کمروں پر مشتمل ایک کمپلیکس میں رکھا گیا ہے۔
اس کمپلکس میں تین ہزار سے زائد زائرین کو ٹھہرانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔